افغان طالبان وفد چین پہنچ گیا ، وزیر خارجہ سے ملاقات

افغان طالبان وفد چین پہنچ گیا ، وزیر خارجہ سے ملاقات

طالبان سیاسی وعسکری قوت، ترکستان تحریک سے رابطے ختم کریں:وانگ ژی ، سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہ ہوگی،بیجنگ کا مدد کا وعدہ:طالبان

تیانجن(دنیا مانیٹرنگ)افغان طالبان کا 9 رکنی وفد ملا برادر کی قیادت میں پہلے دورے پر چین پہنچ گیا۔وفد نے شمالی شہر تیانجن میں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی سے ملاقات کی ،اس موقع پر چینی وزیرخارجہ نے افغانستان کی تعمیر نو میں طالبان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ طالبان سنکیانگ میں دہشتگرد حملوں میں ملوث ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ سے تعلقات ختم کردیں۔افغانستان سے امریکی انخلا اس کی پالیسیوں کی ناکامی کا اظہار ہے ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں طالبان ایک اہم عسکری وسیاسی قوت ہیں،وہ امن عمل،تعمیر نو اور مصالحت میں اہم کردار اداکریں گے ،طالبان کے ترجمان محمد نعیم نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ چینی حکام سے ملاقات میں سیاسی و معاشی امور پرتبادلہ خیال کیاگیا،چین کو یقین دہانی کروائی ہے کہ افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال نہیں ہوگی۔ چین نے بھی افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے ،قیام امن کے علاوہ دیگر مسائل کے حل میں مدد کے وعدے کئے ہیں۔طالبان کے وفد نے چینی نائب وزیر خارجہ اور چین کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان سے بھی الگ الگ ملاقات کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں