امریکا کی انسانی حقوق،گرتی جمہوری اقدار پر بھارت کو تنبیہ

امریکا کی انسانی حقوق،گرتی  جمہوری اقدار پر بھارت کو تنبیہ

امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے بی جے پی حکومت کو بھارت کی گرتی جمہوری اقدار کے بارے میں ڈھکے چھپے انداز میں تنبیہ کر دی

نئی دہلی (اے ایف پی)انہوں نے کہا کہ بھارتی جمہوریت کی طاقت اس کے لوگوں کی آزاد سوچ سے ہے ،جمہوری اقدار اور انسانی حقوق کو درپیش چیلنجز سے درست طریقہ کار کیساتھ نمٹنے کی ضرورت ہے ۔بدھ کی دوپہرامریکی وزیر خارجہ ملاقات کیلئے وزارت خارجہ پہنچے تو جے شنکر نے ان کا استقبال کیا،مذاکرات میں علاقائی سکیورٹی ،افغانستان کی صورتحال،سکیورٹی اور دفاع کیلئے باہمی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ بھارتی وزیر خارجہ کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس کے دوران انتھونی بلنکن نے کہا کہ بھارت اور امریکا آزادی اظہار، برابری اور تمام شہریوں کیلئے برابر کے مواقع یقینی بنانے کی ذمہ داری کو بڑی سنجیدگی سے لیتے ہیں، ہمیں ان محاذوں کو مسلسل کام کرنے کی ضرورت ہے ،کیونکہ ہم دونوں اس حوالے سے طے شدہ آئیڈیل حاصل کرنے میں ناکام ہیں۔انہوں نے کہا کہ جمہوری اداروں کو مستحکم بنانا، انصاف اور مواقع تک ہر کسی کی رسائی اور بنیادی آزادیوں کا سختی سے دفاع جمہوریتوں کی ہمیشہ سے اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔ ناقدین کے مطابق مودی کی قیادت میں انسانی حقوق کے کارکنوں، صحافیوں، طلبہ اور دیگر حلقوں کے خلاف انسداد دہشت گردی کے قوانین کا استعمال مسلسل بڑھ رہا ہے ، ہندو قوم پرست انتظامیہ نے 17 کروڑ مسلم اقلیت کے خلاف امتیازی قوانین بھی متعارف کرائے ہیں۔ افغانستان میں طالبان کی نیک نیتی کے سوال پر انتھونی بلنکن نے کہاکہ انخلا کے باوجود امریکا موثر طور پر موجود رہے گا اور وہاں معاشی اور سلامتی کے معاملات میں فعال کردار ادا کرے گا ۔انہوں نے بتایا کہ ہم افغانستان میں تنازعہ حل کرنے کے لئے تمام فریقوں کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے سفارتی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ہمارے پاس ایک مضبوط سفارتخانہ ہوگا بلکہ ملک کی معاشی ترقی اور سلامتی میں تعاون کے بہت سے اہم پروگرام جاری رہیں گے ۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کیا کہ بہت سارے اضلاع پر طالبان کا غلبہ ہے ، اطلاعات ہیں کہ وہ افغان عوام پر تشدد کر رہے ہیں۔ یہ پریشان کن صورتحال ہے ۔ یہ یقینی طور پر ان کے اچھے ارادے کو ظاہر نہیں کرتا ہے ۔اگر طالبان نے بزور طاقت ملک پر قبضہ کیا تو افغانستان تنہا ہو جائے گا۔ پریس کانفرنس میں امریکی وزیر خارجہ نے کورونا ویکسی نیشن پروگرام کیلئے بھارت کو اڑھا ئی کروڑ ڈالر کی اضافی امداد دینے کا بھی اعلان کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں