بھارتی جنگی جرائم،مقبوضہ کشمیرمیں 8652 اجتماعی قبریں برآمد

بھارتی جنگی جرائم،مقبوضہ کشمیرمیں 8652 اجتماعی قبریں برآمد

6 اضلاع کے 89 دیہات میں نشاندہی،انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کاانکشاف حریت کانفرنس کاپاکستانی ڈوزیئرکاخیرمقدم،پلوامہ میں دستی بم دھماکا،3زخمی

اسلام آباد،نئی دہلی،سرینگر (ایجنسیاں)مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مختلف تنظیموں کی جانب سے 8652 اجتماعی قبریں برآمد ہونے کا انکشاف ہواہے ،اس سے ثابت ہوا ہے کہ بھارت بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم میں ملوث ہے ۔ انٹرنیشنل پیپلز ٹربیونل کے مطابق بین الاقوامی انسانی حقوق کی مختلف تحقیقاتی رپورٹس سے مقبوضہ وادی میں نامعلوم اجتماعی قبروں کی تصدیق ہوئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے 6 اضلاع کے 89 دیہات میں 8652 اجتماعی قبروں کی نشاندہی ہوئی ہے ۔دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف حکومت پاکستان کے ڈوزیئر کا خیرمقدم کیاہے ۔ ادھربھارتی حکام نے سرینگر سنٹرل جیل سے 25سیاسی قیدیوں کو راجوری کی سب جیل میں منتقل کردیاہے ۔علاوہ ازیں پلوامہ میں شہید پارک کے نزدیک ایک پولیس گاڑی کے قریب دستی بم کے دھماکے میں تین شہری زخمی ہوگئے ۔ مزیدبراں بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر اور شمال مشرقی ریاستوں میں زمینی راستوں پر سفر کے دوران بھارتی فوجیوں پر حملوں کے خطرے کے پیش نظر ایئر کور یئر سروس شروع کر دی ہے ۔ منصوبے کے تحت بھارتی فوجیوں کو ہوائی جہاز کے ذریعے چھٹی پر اپنے گھر بھیجا جا سکے گا ۔علاوہ ازیں بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں جنگلاتی حقوق ایکٹ 2006 نافذ کر دیا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے جنگلات میں خانہ بدوش قبائل کی رہائش غیر قانونی ہوگئی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں