پاکستان نے تمام فریقوں پر مشتمل افغان حکومت کی حمایت کی:امریکا

پاکستان نے تمام فریقوں پر مشتمل  افغان حکومت کی حمایت کی:امریکا

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ ہم پاکستانی حکام اور پاکستانی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہیں

واشنگٹن(اے پی پی) پاکستان نے افغانستان میں ایسی حکومت کے قیام کی تسلسل کے ساتھ حمایت کی ہے جس میں تمام فریق شامل ہوں اور جس کو وسیع پیمانے پر عوامی حمایت حاصل ہو، انسانی حقوق اور انسداد دہشت گردی اور ماضی کے ثمرات کے تحفظ سے متعلق خدشات پر مشترکہ ترجیحات اس امر کی متقاضی ہیں کہ ہم سب ایک ہی سمت میں گامزن ہوں۔میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں امریکی ترجمان نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات کے پس منظر میں ہم پاکستانی حکام اور پاکستانی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہیں،ہم نے افغانستان کی صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا ہے ۔ترجمان نے اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ کے گزشتہ روز کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم خواہاں ہیں کہ پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک اپنے وعدو ں کے مطابق افغان عوام کی مدد کے لئے مختلف اقدامات میں تیز ی لائیں گے اور اس سلسلے میں نا صرف ہمارے بلکہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر تعمیری انداز میں مشترکہ ترجیحات کے مطابق کام کریں گے جن میں انسانی حقوق سے متعلق تشویش ، گزشتہ بیس سال میں حاصل ہونے والے ثمرات کے تحفظ اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے خدشات شامل ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہم سب ایک ہی سمت میں گامزن ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں