پاکستان میں افغانستان کا سفارتخانہ فعال، ویزوں کا اجرا شروع

پاکستان میں افغانستان کا سفارتخانہ فعال، ویزوں کا اجرا شروع

جلد منظم فوج تشکیل دینگے ،سابق اہلکار بھی شامل ہونگے :افغان آرمی چیف

کابل،اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں افغانستان کا سفارت خانہ فعال، ویزوں کا اجرا شروع کردیا گیا، افغان سفارتخانے کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ رواں ہفتے سے باقاعدہ طور پر عملے نے سفارت خانے کا کام بحال کر دیا ہے اور شہریوں کو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں،روز مرہ کی بنیاد پر ویزا کی درخواستیں بھی موصول ہورہی ہیں جنہیں مجوزہ طریقہ کار کے مطابق دیکھا جا رہا ہے ،خیال رہے کہ پاکستان میں افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ طور پر اغوا اور تشدد کا واقعہ سامنے آنے کے بعد 18 جولائی کو سابق صدر اشرف غنی نے سفارتی عملہ واپس بلا لیا تھا جس کے بعد اسلام آباد میں افغانستان کا سفارت خانہ غیر فعال ہوچکا تھا۔ افغانستان کے آرمی چیف قاری فصیح الدین نے کہا ہے کہ نئی افغان فوج میں گزشتہ حکومت کی جانب سے تعینات فوجی بھی شامل ہوں گے ، افغانستان میں جلد باقاعدہ اور منظم فوج تشکیل دی جائے گی، یہ نئی فوج اہل افسران پر مشتمل ہو گی،ملابرادر کے بعد طالبان رہنما انس حقانی کا بھی اختلافات پر بیان سامنے آگیا، انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا امارت اسلامی کے خلاف تمام افواہیں پراپیگنڈا ہیں اور قیادت میں اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں، دشمنوں کا مذموم پراپیگنڈا اس اتحاد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا،افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی خصوصی نمائندہ برائے افغانستان ڈیبورا لائنز کو یقین دلا یا ہے کہ اقوام متحدہ بغیر کسی رکاوٹ کے افغانستان میں انسانی بنیادوں پر اپنی ریلیف سرگرمیاں جاری رکھ سکتا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں