چین: 1 ارب افراد کی ویکسی نیشن، فرانس: ویکسین نہ لگوانے پر 3 ہزار ہیلتھ ورکر معطل
امریکا میں وبا زور پکڑنے لگی،مزید2248ہلاکتیں،گیبون کے سابق وزیر اعظم کورونا سے دم توڑگئے ، دو ارب سے زائد افراد کو ویکسین لگا ئی گئی جن میں سے ایک ارب کی مکمل ہوگئی ،چینی قومی ہیلتھ کمیشن
بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک)چین نے ایک ارب سے زائد افراد کی کورونا ویکسی نیشن مکمل کرلی جبکہ فرانس نے ویکسین نہ لگوانے والے طبی عملے کے 3ہزار ارکان معطل کردیئے ۔ چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق سٹیٹ کونسل انٹر ایجنسی ٹاسک فورس کی پریس کانفرنس میں بتایا گیا ہے کہ کورو نا وائرس بچاؤ کے سلسلہ میں اب تک ایک ارب سے زیادہ افراد کو مکمل طور پر ویکسین لگا دی گئی ہے ۔ نیشنل ہیلتھ کمیشن کے ترجمان می فینگ نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر 2ارب سے زائد افرادکو ویکسین کی خوراکیں لگائی گئی ہیں جن میں ایک ارب سے زیادہ افرادکوویکسی نیشن لگانے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے ۔ادھرفرانسیسی وزیر صحت نے کہاکہ ان ہیلتھ ورکرز کو بغیر تنخواہ معطل کیاگیاہے ،یہ افراد حتمی تاریخ سے قبل ویکسین لگوانے میں ناکام رہے ،فرانس میں ابھی تک صرف12فیصد طبی عملے اور پرائیویٹ پریکٹس کرنیوالے 6فیصد ڈاکٹرز کو ہی ویکسین لگائی جاسکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ معطل کرنے کے جواب میں کئی درجن ملازمین نے ویکسین لگوانے کی بجائے استعفے بھجوادیئے ہیں،گیبون کے سابق وزیراعظم کورونا سے انتقال کرگئے ۔وہ پیرس کے ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔سعودی عرب نے کہاہے کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں کرنے والے افراد پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ادھر امریکا میں وبا زور پکڑنے لگی،گزشتہ روز ایک لاکھ 64ہزار نئے کیسز جبکہ مزید2248افراد ہلاک ہوئے ۔