مقبوضہ کشمیر:بارودی شیل دھماکا ،لڑکی جاں بحق،6زخمی
کپواڑہ میں واقعہ،شبنم دم توڑ گئی، پلوامہ میں عسکری ہیڈکوارٹر میں آتشزدگی ، نماز جمعہ پر پابندی برقرار،10سال میں 3ہزارکشمیریوں کی خودکشی،رپورٹ
سری نگر(کے پی آئی)مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں گھر میں بارودی شیل کے دھماکے میں17سالہ لڑکی جاں بحق،خاندان کے 6افرادزخمی ہوگئے ،بھارتی فورسز نے سرینگر سمیت پوری وادی میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماعات پر پابندی عائد کردی، غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کشمیر کی 45 فیصد آبادی شدید ذہنی امراض کا شکار ہے جبکہ دوسری جانب بھارتی حکومت نے ایک ایکٹ کے ذریعے وادی میں انتظامیہ کو احکامات جاری کئے ہیں کہ وقتاََ فوقتاََ ہر کشمیری سرکاری ملازم کا چیک اپ اور چھان بین کی جائے کیونکہ کشمیر کا ہر شخص بھارت کا غدار،جاسوس، دہشتگرد ہوسکتا ہے لہذا ان کی چھان بین کرکے رپورٹ مرتب کی جائے ، معمولی سے شبہ پر بھی نوکری سے برخاست کردیا جائے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گزشتہ روز مقبوضہ وادی کے ضلع کپواڑہ کے ایک گھر میں کباڑ میں موجود بارودی شیل دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں 17سالہ لڑکی شبنم چل بسی،جبکہ گھر کے سربراہ غلام محمد وانی، اہلیہ راجہ بیگم،زاہدہ، رفعت، مختی بیگم،عبدالرزاق، اشتیاق شدید زخمی ہوگئے ۔ادھر پلوامہ ٹاؤن میں سی آر پی ایف 182بٹالین ہیڈکوارٹر میں آتشزدگی سے ایک عارضی عمارت خاکستر ہوئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دوسری جانب مرکزی جامع مسجد ، درگاہ حضرت بل،درگاہ دستگیر ، جامع مسجد حیدر پور کو مکمل سیل کرکے فوج کا پہرہ بڑھا دیاگیاہے ۔ادھر غیر ملکی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے 10سال میں 3ہزار 24افراد نے خودکشی کرلی۔گزشتہ ایک برس میں 457افراد نے زندگیاں ختم کرلیں۔ادھر بھارت کی مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر سول سروسز(کریکٹر اینڈ اینٹی سیڈینٹس) انسٹرکشنز ، 1997 جاری کر دیا ۔کے پی آئی کے مطابق جے اینڈ کے گورنمنٹ ایمپلائز کنڈکٹ رولز ، 1971 کے تحت سرکاری اور نجی سیکٹر کے ملازمین کے لیے بھارت کے ساتھ وفاداری لازمی ہوگی ۔ ادھر سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ آرٹیکل 370اور 35 اے کی بحالی کیلئے اپنی لڑائی جاری رکھیں گے ۔