قطری امیر، سعودی ولی عہد اور اماراتی مشیر کی بحر الاحمر میں برادرانہ ملاقات
قطری امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زید النہیان نے بحرالاحمر میں برادرانہ ملاقات کی
ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) رائٹرز کے مطابق سعودی ولی عہد کے نجی دفتر کے ڈائریکٹر بدر العساکر نے تینوں کی تصویر ٹویٹر پر شیئر کی۔انہوں نے تصویر کے ساتھ لکھا کہ بحرالاحمر میں ایک دوستانہ اور برادرانہ ملاقات میں شہزادہ محمد بن سلمان، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زید النہیان اکٹھے ہوئے ،واضح رہے کہ سعودی عرب، عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام عائد کرتے ہوئے 2017 کے وسط سے اس پر سفارتی، تجارتی اور سفری پابندی عائد کردی تھی۔قطر نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس پابندی کا مقصد اس کی خود مختاری کو نقصان پہنچانا ہے ۔رواں سال جنوری میں قطر کا سعودی عرب اور تین دیگر عرب ممالک کے ساتھ تنازع امریکی حمایت یافتہ معاہدے کے ساتھ ختم ہوگیا تھا۔