بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات کرے: سعودی وزیر خارجہ، تعاون کی پیشکش

بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات کرے: سعودی وزیر خارجہ، تعاون کی پیشکش

یہ پاکستان اور بھارت میں تنازع مذاکرات پر توجہ دیں تاکہ خدشات مستقل ختم ہوں،ہم اس عمل کی حوصلہ افزائی کرینگے :فیصل بن فرحان ، طالبان عالمی برادری کے خدشات مدنظر رکھیں، انٹرویو،بھارتی ہم منصب سے ملاقات، باہمی تجارت میں اضافے پر گفتگو ، آج مودی سے ملیں گے

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے بھارت سے کہا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات کرے ۔ دورہ بھارت کے موقع پر بھارتی اخبار کو انٹرویو میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے فیصل بن فرحان نے کہا یہ ایک ایسا تنازع ہے جو پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کے مابین چلا آرہا ہے اس لئے ہم جس چیز کی حوصلہ افزائی کریں گے وہ یہ کہ بھارت اور پاکستان مذاکرات اور بات چیت کے راستے پر توجہ مرکوز کریں تاکہ یہ معاملات ایسے انداز سے حل ہوسکیں جس سے خدشات مستقل طور پر ختم ہوجائیں۔ سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت کے مابین مذاکرات کیلئے سعودی تعاون کی پیشکش بھی کی۔ افغانستان کے حوالے سے سعودی وزیر خارجہ نے کہا سب سے اہم معاملہ وہاں استحکام کا ہے ، ہماری دوسری ترجیح سلامتی کی ہے کہ وہاں دہشت گردی نہ ہو، طالبان قیادت پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ گڈ گورننس یقینی بنائیں، حکومت سازی میں سب کو شریک کریں اور ایک ایسا راستہ متعین کریں جو استحکام، سلامتی اور خوشحالی کی طرف جائے ، انہیں سلامتی کے حوالے سے عالمی برادری کے خدشات کو مدنظر رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ طالبان قیادت کو عالمی دہشت گردی سے کسی بھی تعلق کو مکمل طور پر ختم کرنا ہوگا، انہوں نے اس ضمن میں کچھ وعدے کئے ہیں اور حال ہی میں ان کا اعادہ کیا ہے ، افغانستان کیلئے عالمی امداد جاری رہنی چاہیے ۔ قبل ازیں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے اتوار کو نئی دہلی میں اپنے بھارتی ہم منصب جے ایس شنکر سے ملاقات کی جس میں باہمی تجارت میں اضافے ، کورونا سے متعلق تعاون اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات حیدر آباد ہائوس میں ہوئی۔ سعودی وزیر خارجہ آج بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے ۔ فیصل بن فرحان ہفتے کی شب نئی دہلی پہنچے تھے

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں