فرانس امریکا بحران سب کیلئے خطرے کی گھنٹی:جرمن وزیر
فرانسیسی صدر کا مودی کو فون، انڈوپیسفک ریجن میں ملکر کام کرنے کا عزم ، آکس معاہدہ اتحادیوں میں اعتماد کا بحران ،وضاحت کی ضرورت :فرانس
برسلز (اے ایف پی)آبدوزوں کی ڈیل کی منسوخی پر یورپی یونین کے وزرا نے فرانس کے موقف سے یکجہتی کا اظہار کر دیا۔ جرمن وزیر برائے یورپ مائیکل روتھ نے کہا کہ فرانس کا امریکا کیساتھ سفارتی بحران ہم سب کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے ۔ ہم خود سے سوال کریں کہ کیسے اپنی خودمختاری کو مستحکم کر سکتے ہیں، کیسے خارجی اور دفاعی پالیسی سے متعلق امور پر خود کو ایک متحدہ محاذ کے طور پر پیش کر سکتے ہیں۔ فرانسیسی وزیر برائے یورپی امور نے امریکا کیساتھ تنازع کو ایک یورپی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ فرانس کا ردعمل بے جا نہیں، نہ ہی فرانس کو بے جا ردعمل دینا چاہیے ، مگر جب صورتحال سنگین ہو تو یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اسے کھل کر بیان کریں۔ دوسری جانب فرانسیسی وزیر خارجہ نے نیویارک میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آکس معاہدے میں اتحادیوں کے مابین اعتماد کا بحران ہے ،انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے وضاحت کی ضرورت ہے ،اس کا فرانس پر منفی اثر پڑا،میرا امریکی ہم نصب سے ملنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ترجمان یورپی کمیشن نے کہا کہ ہم آکوس اعلامیے سے پیدا سفارتی بحران کے یورپی یونین امریکا ٹریڈ اینڈ ٹیکنالوجی کونسل کے اجلاس پر اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں جوکہ 29 ستمبر کو پٹس برگ امریکا میں ہو گا۔ ذرائع کے مطابق فرانس کے وزیر تجارت نے پٹس برگ اجلاس میں شرکت کا ابھی فیصلہ نہیں کیا۔ فرانسیسی صدر نے منگل کو بھارتی وزیر اعظم مودی کو ٹیلی فون کیا جس میں دونوں نے انڈوپیسفک ریجن میں باہمی تعاون سے متعلق تبادلہ خیال کیا،دونوں نے ایک کھلے ، آزاد، جامع انڈوپیسفک کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔