امن کیلئے عمران خان کی کوششیں قابل ستائش : پاکستان ، ایران مداخلت نہیں کررہے: ترجمان طالبان

امن کیلئے عمران خان کی کوششیں قابل ستائش : پاکستان ، ایران مداخلت نہیں کررہے: ترجمان طالبان

جامع حکومت کی طرف بڑھ رہے ،خواتین کو عہدے ملیں گے ،گرلز سکول جلد کھول دینگے ، عالمی برادری تسلیم کرے :ذبیح اللہ ، کابینہ میں توسیع، ہزارہ ،تاجک ،ازبک شامل، سربراہ جوہری توانائی کی بھی تقرری،سہیل شاہین اقوام متحدہ میں سفیر ہونگے

کابل(نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک) طالبان حکومت کے نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے عمران خان کی کوششیں قابل ستائش ہیں، پاکستان اور ایران افغانستان کے داخلی امور میں مداخلت نہیں کر رہے ، ہم ملک کی بہتری کیلئے ان ممالک کے مشوروں کا خیر مقدم کرتے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے عبوری کابینہ میں توسیع کے اعلان کے موقع پر کیا،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو عبوری حکومت تصور کیا جائے ، کابینہ کی تشکیل مکمل نہیں ہوئی ، ابھی اس میں مزید لوگوں کو شامل کریں گے ، ہم ایک مشترکہ اور جامع حکومت کی تشکیل کی جانب بڑھ رہے ہیں، خواتین کو بھی جلد اہم عہدے ملیں گے ،بچیوں کیلئے بہت جلد سکول کھول دئیے جائیں گے ، عبوری کابینہ میں مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے افرادکو شامل کیا گیا ہے جن میں ہزارہ اور دیگر اقوام سے تعلق رکھنے والے لوگ، ٹیکنو کریٹس اور تعلیم یافتہ افراد شامل ہیں، نئی کابینہ میں اقلیتی برادری کو شامل کیا جائے گا،بین الاقوامی برادری افغانستان کی حکومت کو تسلیم کرے ، افغان حکومت کو تسلیم کئے بغیر محض تنقید کرنا یکطرفہ نقطہ نظر ہے ،انہوں نے اس موقع پر عبوری کابینہ کے ارکان کے ناموں اوران کو دئیے گئے قلمدانوں کا اعلان کیا۔نسلی طورپر تاجک اور پنج شیر سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کار اور کاروباری شخصیت حاجی نورالدین عزیزی وزیر تجارت اور ڈاکٹر قلندر عباد کو وزیر صحت مقرر کیا گیا ہے ،وزیر صحت کے دونوں نائبین بھی ڈاکٹر ہیں جن میں ڈاکٹر عبدالباری عمراورڈاکٹر محمد حسن غیاثی شامل ہیں، حسن غیاثی کا تعلق ہزارہ برادری سے ہے ، وزیر تجارت کے نائبین میں بغلان کے تاجر حاجی محمد بشیر اور سرِ پُل کے حاجی محمد عظیم سلطان زادہ شامل ہیں ، عظیم سلطان زادہ نسلی اعتبار سے ازبک ہیں ،جبکہ ملا محمد ابراہیم داخلہ برائے امور سلامتی، ملا عبدالقیوم ذاکر دفاع،مجیب الرحمان عمر توانائی و بجلی، غلام غوث ڈیزاسٹر مینجمنٹ، حاجی گل محمد سرحدی و قبائلی امور، گل زرین کوچے مہاجرین اور ان کی واپسی کے امور،لطف اللہ خیر خواہ اعلیٰ تعلیم کے نائب وزیر ہوں گے ،انجینئر نجیب اللہ کو محکمہ جوہری توانائی کا ڈائریکٹر، انجینئرنذر محمد مطمئن کو نیشنل اولمپک کمیٹی کا سربراہ، محمد فقیر کو سنٹرل سٹیٹکس اتھارٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے ۔دریں اثنا وزیرخارجہ امیر خان متقی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنر ل کے نام خط میں دوحہ میں سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین کو اقوام متحدہ میں اپنا سفیر نامزدکیا ہے اور انہیں جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرنے کاکہا گیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں