مقبوضہ کشمیر:بھارتی فوجی ہیلی کاپٹر تباہ، دو نوں پائلٹ ہلاک
کپواڑہ میں اہلکاروں میں جھگڑا، فائرنگ،ایک ہلاک،اوڑی میں آپریشن جاری
سرینگر(شِنہوا، دنیا نیوز ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، ہیلی کاپٹر میں سوار دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع اودھم پور میں پتنی ٹاپ کے قریب بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر پہاڑوں پر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں میجر روہت کمار اورمیجرانوج راجپوت ہلاک ہوگئے ۔ادھر ضلع کپواڑہ کے علاقہ سوگام لولاب میں بھارتی اہلکاروں میں جھگڑے اور فائرنگ سے ایک اہلکار ہلاک ہوگیا،28راشٹریہ رائفلز کی روڈاوپنگ پارٹی کے گشت کے دوران دو اہلکاروں میں تکرار ہوگئی جس پر اہلکار نے دوسر ے پر فائرنگ کردی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا جسے ہسپتال لیجایا گیا لیکن جانبر نہ ہوسکا۔ادھر پونچھ میں مظاہرین سے جھڑپ میں تحصیلدار،ڈی ایس پی اور دوشہری زخمی ہوگئے ۔دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں تنازع کشمیر اٹھانے کے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے ۔ ادھراوڑی سیکٹر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں تیسرے روز بھی جاری رہیں جبکہ اوڑی میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کو بھی معطل کردیا گیا تھا۔