پاکستانی معیشت 5 فیصد رفتار سے زیادہ ترقی کریگی :وزیر خزانہ
عالمی بنک ،جنوبی ایشیائی ریجن کے نائب صدر ہارٹ ویگ سے ملاقات میں گفتگو
واشنگٹن (دنیا نیوز ،خبرایجنسیاں)وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ افغان جنگ سے پاکستانی معیشت متاثرہوئی،پاک امریکا تعلقات بہت پرانے ہیں،عمران خان نے 2018میں پاکستان کی ڈوبتی معیشت کوبچایا،ہم نے پاکستانی معیشت کوبچانے کے لیے انقلابی اقدامات کیے ،زراعت سمیت مختلف شعبوں میں بہترین اقدامات کیے ،ہمارے ملک کی60فیصد آبادی نوجوانوں پرمشتمل ہے جنہیں نوکریاں چاہئیں،پاکستانی معیشت 5فیصدرفتار سے زیادہ ترقی کرے گی،پاکستان اصلاحاتی ایجنڈے پرکام جاری رکھے ہوئے ہے ،پاکستان کامستقبل تابناک ہے ،عوام کو سستے گھر اور ہیلتھ کارڈ فراہم کررہے ہیں،کوروناوبا نے عالمی معیشت کوشدید نقصان پہنچایا،افغان جنگ سے پاکستانی معیشت متاثرہوئی۔ واشنگٹن میں عالمی بینک جنوبی ایشیائی ریجن کے نائب صدر ہارٹ ویگ شافر سے اپنی ٹیم کے ہمراہ یہاں پاکستانی سفارتخانے میں ملاقات کی ،وفاقی وزیر توانائی محمد حماد اظہر ،وفاقی وزیر اقتصادی امورعمر ایوب خان نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ ویڈیولنک کے ذریعے ملاقات میں شرکت کی۔گورنر سٹیٹ بنک رضا باقر ،پاکستان کے سفیر اسد مجید خان،سیکرٹری خزانہ ڈویژن اور سینئر حکام بھی ملاقات میں شریک تھے ۔اس موقع پر وزیرخزانہ نے اس امر کا اعادہ کیا کہ حکومت ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر عملدرآمد،سماجی مصارف اور سماجی تحفظ کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے تاکہ معاشرے کے کمزور طبقے خود کو محفوظ تصور کر سکیں ۔انہوں نے پاکستان میں ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے گورننس اور خدمات کی فراہمی کو تقویت دینے میں عالمی بینک کے اہم کردار کو سراہا ۔عالمی بینک نے اس امر کا اعتراف کیا کہ مختلف شعبوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے نفاذ پر کافی پیش رفت ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ متوقع اہداف کے حصول کے لئے اس رفتارکار کوبرقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔