پاکستان 4ماہ بدستور گرے لسٹ میں رہیگا:جرمن میڈیا
پیرس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا تین روزہ اجلاس آج سے شروع ہورہا ہے جو کہ 21 اکتوبر تک جاری رہے گا
پیرس(مانیٹرنگ ڈیسک) جرمن میڈیا ڈی ڈبلیو نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ عالمی سطح پر منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے تدارک کی نگرانی کرنے والے ادارے (فیٹف)کی طرف سے پاکستان کو آئندہ چار ماہ تک بدستور نگرانی کی گرے لسٹ میں ہی رکھا جائے گا، پاکستان کے سٹیٹس میں تبدیلی کا فیصلہ آئندہ سیشن میں ہو گا جو اپریل 2022 میں منعقد ہونا ہے ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان کی طرف سے کیے گئے اقدامات کو سراہا جائے گا، تاہم ساتھ ہی یہ بھی کہا جائے گا کہ پاکستان عالمی سطح پر ایف اے ٹی ایف کے معیار پر مکمل طور پر پورا نہیں اتر پایا ہے ۔ساتھ ہی ایف اے ٹی ایف کی طرف سے کچھ سنجیدہ طرز کے مسائل کی نشاندہی کی طرف بھی اشارہ کیا جائے گا کہ پاکستان کو اب بھی دہشت گردوں کو دی جانے والی سزاؤں اور قانونی چارہ جوئی پر کام کرنے کی ضرورت ہے ، ایف اے ٹی ایف حکومت پاکستان کی طرف سے کیے گئے اقدامات سے جب مطمئن ہو گی تو ایک ٹیم کو پاکستان بھیجا جائے گا جو زمینی حقائق اور قانون سازی کا جائزہ لے گی، جس کے بعد ہی پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے یا نہ نکالنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے 27 نکاتی ایکشن پلان میں سے اب تک 26 نکات پر عمل کیا ہے ،ایف اے ٹی ایف کے مطابق پاکستان کو تمام پوائنٹس پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانا ہو گا۔