بجلی بحران،بھارت کی قطر سے ایل این جی کے 58کارگوز کی جلد فراہمی کی درخواست
بجلی کے بدترین بحران کے شکار بھارت نے قطر سے ایل این جی کے 58 کارگوز کی فراہمی تیز کرنے کی درخواست کر دی
نئی دہلی (رائٹرز) نام ظاہر نہ کرنے پر بھارتی ذرائع نے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ انفراسٹرکچر کی مرمت و دیکھ بھال کے باعث بھارت رواں سال50 ایل این جی کارگوز کی ڈلیوری نہیں لے سکا ، گزشتہ ہفتے وزارت تیل نے ایک خط میں قطر سے ان کارگوز کی ڈلیوری مانگی ہے ۔وزارت نے مزید آٹھ کارگوز کی ڈلیوری بھی مانگی ہے جن کی تاخیر کی درخواست خود بھارت نے گزشتہ سال لاک ڈاؤن کی وجہ سے طلب میں کمی کے پیش نظر کی تھی۔ نیوز ایجنسی کے مطابق بھارت کا قطر کیساتھ سالانہ 75 لاکھ ٹن ایل این جی کی خریداری کا طویل المدت معاہدہ ہے جس کے تحت بھارت ایل این جی 11 سے 12 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کے حساب سے خریدتا ہے ، جبکہ ایشیا کی مارکیٹ میں اس وقت ایل این جی کی ایم ایم بی ٹی یو قیمت 38 ڈالر ہے ، جوکہ رواں ہفتے 56 ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی تھی۔