مقبوضہ کشمیر:پابندیاں سخت،بھارتی فوج کی بڑی تعداد تعینات

مقبوضہ کشمیر:پابندیاں سخت،بھارتی فوج کی بڑی تعداد تعینات

فورسز نے آٹھویں روزبھی سرنکوٹ، مینڈھرکے علاقوں کا محاصرہ جاری رکھا ، ماورائے عدالت قتل، جعلی سرچ آپریشنز ، انسانیت سوز جرائم قابل مذمت، پاکستان

سرینگر (اے پی پی)غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض حکام نے پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں جبکہ وادی کشمیر کی سڑکوں پر بڑی تعداد میں بھارتی فوج تعینات کی گئی ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک سینئر پولیس افسر نے تصدیق کی کہ فوجیوں اور پیراملٹری فورسزاہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ وادی میں مزید ناکے ، چوکیاں اور بینکر قائم کئے گئے ہیں۔ افسر نے بتایا کہ وادی کشمیر کے تقریبا ًتمام علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔سرینگر اوروادی کے دیگر اہم قصبوں میں فورسزکے اہلکار گاڑیوں کی تلاشی لے رہے ہیں ۔ دریں اثنابھارتی فوج نے مسلسل آٹھویں روز بھی سرنکوٹ ، مینڈھر ، تھنہ منڈی کے قصبوں اور پونچھ اور راجوری اضلاع کے کئی علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔ ادھرفاروق عبداللہ نے کہا کہ عام شہریوں کی ہلاکتوں میں کشمیریوں کا ہاتھ نہیں ہے ،یہ حملے کشمیریوں کو بدنام کرنے کی ایک سازش کے تحت ہورہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ ہمیں دعا کرنی چاہیے کہ بھارت اور پاکستان کے مابین دوستی اور ہم آہنگی ہو تاکہ کشمیری امن سے رہ سکیں۔ علاوہ ازیں پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، جعلی سرچ آپریشنز اور انسانیت سوز جرائم کی شدید مذمت کی ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی صورتحال تشویش کا باعث ہے ۔ حق خودارادیت کے لئے کی جانیوالی جدوجہد بدنام کرنے کی بھارتی پروپیگنڈا مہم ، مسلمانوں کے خلاف آر ایس ایس اور بی جے پی کی سازشیں قابل مذمت ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں