مقبوضہ کشمیر:بھارتی بربریت،مزید4شہید،کنٹرول لائن پر طویل جھڑپ:ہلاکتوں کی اطلاعات

مقبوضہ کشمیر:بھارتی بربریت،مزید4شہید،کنٹرول لائن پر طویل جھڑپ:ہلاکتوں کی اطلاعات

قابض فورسز کا شوپیاں اور کولگا م اضلاع میں تلاشی آپریشن ،فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی بھی ماراگیا بھارتی فوج کی پونچھ اور راجوری میں کارروائیاں مسلسل 10ویں روز بھی جاری،لوگ گھروں میں محصور

سرینگر،جموں(خبرایجنسیاں، دنیا مانیٹرنگ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران مزید 4کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیاجب کہ کنٹرول لائن پر طویل جھڑپ ہوئی جس میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے نوجوانوں کو ضلع شوپیاں کے علاقے ڈرگڈمیں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیا، بی بی سی کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک بھارتی فوجی بھی ہلاک ہوا، مقامی لوگوں کے مطابق علاقے میں فوجی کارروائی بدھ کے روز صبح سویرے شروع کی گئی تھی ۔ علاوہ ازیں قابض فوج نے بدھ کی شام ضلع کولگا م کے علاقے دیوسر میں نام نہاد تلاشی آپریشن کے دورا ن 2 نوجوانوں کو شہید کردیا۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس کے دو اہلکاروں کی لاشیں دو الگ الگ اضلاع سے ملی ہیں۔ ایک اہلکار کی لاش ضلع رام بن کے علاقے بوم چندر کوٹ میں واقع کیمپ سے ملی ہے جسے گولی ماری گئی۔ بھارتی پولیس اہلکار مول راج کی لاش پراسرار طورپر ضلع اودھمپور میں اسکی رہائش گاہ سے ملی ۔ادھر انڈین آرمڈ پولیس ونگ کے ایک کانسٹیبل بلال احمد نے مبینہ طورپر سرینگر میں پھندا لے کر خودکشی کر لی ۔ادھر بھارتی فوجیوں نے پونچھ اور راجوری کے اضلاع میں بدھ کو مسلسل 10ویں روز بھی تلاشی اور محاصرے کی پر تشدد کارروائیاں جاری رکھیں۔ فوجیوں نے ضلع پونچھ کے علاقے مینڈھر کے لوگوں کو گھروں میں محصور کردیا اور انہیں گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ۔ فوجیوں نے لاؤڈ سپیکروں کے ذریعے علاقے کے لوگوں کو گھروں میں رہنے اور اپنے مویشیوں کو بھی گھروں سے باہر نہ نکالنے کی ہدایت کی ۔واضح رہے کہ جموں صوبے کے پونچھ اور راجوری اضلاع میں سرحد کے قریبی علاقے بھمبر گلی، ڈیرا کی گلی، بھٹ دُوریاں اور چمریال سیکٹروں میں گزشتہ دس روز سے بھارتی اور نیم فوجی دستے ان حملہ آوروں کی تلاش میں ہیں جنھوں نے دو لگاتار حملوں میں دو افسروں سمیت انڈین فوج کے 9 جوانوں کو ہلاک کر دیا۔دفاعی مبصرین کا کہنا ہے کہ پونچھ میں جاری جھڑپ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد یہاں ہونے والی سب سے طویل اور بھارتی فوج کے لیے ہلاکت خیز جھڑپ ثابت ہوئی ہے ۔ آپریشن میں ہزاروں فو جی ، درجنوں کمانڈوز، کئی ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز ، مارٹر گولوں اور ہلکے ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے ، بھارتی آرمی چیف نے منگل کے روز ایل او سی کا دورہ بھی کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں