امریکا :جمہوریت پر ورچوئل اجلاس، پاکستان سمیت 110ملکوں کو شرکت کی دعوت
امریکی صدر جوبائیڈن کی میزبانی میں جمہوریت پر9 دسمبر کو ہونیوالے 2روزہ ورچوئل اجلاس میں پاکستان، بھارت ، عراق سمیت 110ممالک کو شرکت کی دعوت مل گئی
واشنگٹن(نیوز ایجنسیاں)عالمی نیوز ایجنسی کے مطابق امریکی دفتر خارجہ نے اپنی ویب سائٹ پر ان ملکوں کی فہرست جاری کر دی جنہیں شرکت کی دعوت دی گئی ہے ، ان میں اسرائیل، عراق، برازیل اور تائیوان بھی شامل ہیں، تاہم چین اور روس کے علاوہ روایتی عرب اتحادیوں مصر، سعودی عرب، اردن ، قطر اور متحدہ عرب امارات کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی ۔ادھر روس نے الزام لگایا کہ جمہوریت پربات چیت کے نام پر امریکی صدر کے ورچوئل اجلاس کا مقصد دنیا میں تقسیم پیدا کرنا ہے ۔ ترجمان کریملن نے رپورٹروں سے گفتگو میں کہا کہ یہ اجلاس دنیا میں تقسیم کی نئی سیاسی حد بندیاں کرنے کی ایک کوشش ہے ۔