مقبوضہ کشمیر :دوسرے روزبھی ہڑتال،نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر :دوسرے روزبھی ہڑتال،نوجوان شہید

فورسز نے نوجوان کو پونچھ میں نشانہ بنایا، شوپیاں ،بڈگام میں چھاپے ،متعدد گرفتار ، وادی بھر میں احتجاج ، کاروباری مراکزبند،انٹرنیٹ معطل، حریت کانفرنس کی مذمت

سرینگر (خبرایجنسیاں)بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ایک نوجوان کو شہید کر دیا جب کہ فرضی جھڑپوں میں کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف جمعہ کو مسلسل دوسرے روز بھی ہڑتال رہی ۔ بھارتی فوج نے جمعہ کو ایک اور نوجوان کو پونچھ ضلع کے علاقے بھمبرگلی میں ایک آپریشن کے دوران شہید کردیا ۔ علاوہ ازیں مسلسل دوسرے روز بھی ہڑتال سے روزمرہ زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی، کاروباری مراکز بند رہے جبکہ ٹریفک نہ ہونے کے برابر تھی ، کئی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کو بھی منقطع کیا گیا۔ حریت کانفرنس کی کال پرکئی مقامات پرشہریوں نے احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے ۔ سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں لوگوں کو ایک بار پھر نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔حریت کانفرنس کا کہناہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کی نسل کشی کا نوٹس لیں اور نہتے کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے کیلئے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کریں۔یاد رہے کہ بھارتی اخبار ‘‘ٹائمز آف انڈیا’’نے خبر دی ہے کہ مودی حکومت جلد کل جماعتی حریت کانفرنس ، حریت فورم پر کالے قانون ‘‘یو اے پی اے ’’کے تحت پابندی عائد کر سکتی ہے ۔ ادھربھار تی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے شوپیاں اوربڈگا م میں جماعت اسلامی سمیت مختلف جماعتوں کے کارکنوں کے گھروں پرچھاپے مار کرمتعدد کو گرفتار کرلیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں