بھارتی فوج کا دہشتگردوں کیخلاف آپریشن، 6 مزدوروں سمیت 17 شہری ہلاک

بھارتی فوج کا دہشتگردوں کیخلاف آپریشن، 6 مزدوروں سمیت 17 شہری ہلاک

ناگالینڈ میں انٹیلی جنس اطلاع پر ایک ٹرک کو نشانہ بنایا گیا،جس سے 6کان کن ہلاک ہوئے ،واقعہ کیخلاف ہنگامے ، ملٹری کیمپ اور4گاڑیاں نذرآتش، فائرنگ سے 11مظاہرین ہلاک،1فوجی بھی ماراگیا، کرفیونافذ،موبائل سروسز بند

کوہیما(دنیا مانیٹرنگ)بھارتی فوج نے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کے دوران 6 مزدوروں سمیت اپنے ہی 17 بے گناہ شہری ہلاک کردیئے ۔ہفتے کی شام ریاست ناگالینڈ میں میانمار کی سرحد کے قریب تیرونامی علاقے میں علیحدگی پسندوں کے خلاف آپریشن کے د وران فوج نے معتبر ترین انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر ایک پک اپ کو نشانہ بنایا جس میں 8 کان کن سوار تھے ،یہ مزدور کام کے بعد گھر واپس جارہے تھے ۔ فوج کے حملے سے 6مزدور موقع پرہلاک جبکہ دو شدید زخمی ہوئے ،فوج نے غلطی کا احساس ہونے پر دو زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا،فوج کے مطابق انہیں علیحدگی پسندوں کی نقل وحرکت سے متعلق مصدقہ اطلاعات تھیں جس پر ٹرک کو نشانہ بنایاگیا۔اتنی دیر میں مقامی دیہاتی بھی جائے وقوعہ پرپہنچ گئے ،لوگ اپنوں کی لاشیں دیکھتے ہی بھڑک اٹھے ،علاقے میں شدید کشیدگی پیداہوگئی،اس موقع پر فوج اور مشتعل دیہاتیوں میں جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا،مظاہرین نے فوج کی چار گاڑیاں جلادیں،ایک فوجی مظاہرین کے ہتھے چڑھ گیا جس پر انہوں نے اسے تشدد کرکے ہلاک کردیا،فوجی کی مظاہرین کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد فوج نے مظاہرین پر فائرنگ کردی جس سے 9مظاہرین ہلاک ہوگئے ۔فوج کیخلاف مظاہروں کا سلسلہ اتوار کی دوپہر تک جاری رہا،اتوار کو 200سے زائد مشتعل دیہاتیوں نے آسام رائفلز کے ضلعی ہیڈکوارٹر کا گھیرائو کیا اور داخل ہوکر عمارت کو نذر آتش کردیا۔اس پر فوج نے ایک بارپھر مظاہرین پرگولی چلادی جس سے مزید2 افراد ہلاک اور11زخمی ہوئے ۔بعدازاں فوج نے اپنے بیان میں واقعات پر افسوس کا اظہار اور انکوائری کا اعلان کیا۔شدید مظاہروں کو دیکھتے ہوئے سول انتظامیہ نے علاقے میں انٹرنیٹ سروسز اور موبائل سروس بند کرکے کرفیو نافذ کردیا۔علاقے میں پانچ سے زائد افراد کے اجتماع پربھی پابندی لگادی گئی۔ریاستی حکومت نے تحقیقات کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں