پوٹن مودی ملاقات: بھارت میں 6 لاکھ روسی کلاشنکوفیں تیار کرنیکا معاہدہ

پوٹن مودی ملاقات: بھارت میں 6 لاکھ روسی کلاشنکوفیں تیار کرنیکا معاہدہ

روسی صدر کا مختصر ترین دورہ بھارت،دفاعی تعاون کے چارمعاہدوں سمیت سرمایہ کاری کے 28معاہدوں پر دستخط کیے گئے ، روس نے ایس 400میزائل دفاعی نظام کی فراہمی شروع کردی :بھارت،امریکا نے بہت روکا انڈیا پیچھے نہ ہٹا:روس

نئی دہلی (اے ایف پی، دنیا مانیٹرنگ)روسی صدر پوٹن نے بھارت کا مختصر ترین دورہ کیا۔اس دورے کے دوران دونوں ممالک میں 4دفاعی معاہدوں سمیت سرمایہ کاری کے 28معاہدوں پر دستخط کیے گئے ۔جس میں 6لاکھ روسی کلاشنکوفیں بھارت میں تیار کرنیکا معاہدہ بھی شامل ہے ۔روسی صدر نے مودی سے ملاقات کی ،نئی دہلی میں مودی کے ساتھ گفتگو میں صدر پوٹن نے کہا کہ ہم بھارت کو ایک عظیم طاقت اوروقت کی جانچ پر پورا اترنے والا دوست خیال کرتے ہیں ۔اس موقع پر بھارت اور روس کے وزرائے دفاع اور وزرائے خارجہ نے الگ الگ مذاکرات کیے ،جس کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے دفاع اور خارجہ نے 2 پلس 2 مذاکرات کے دوران دفاعی تعاون کے چار معاہدوں پر دستخط کر دیئے ، جن میں سے ایک معاہدے پر دونوں ملکوں کے وزرائے دفاع نے دستخط کئے ۔ اس معاہدے کے تحت بھارت میں چھ لاکھ سے زائد کلاشنکوف رائفلیں تیار جبکہ 70 ہزار رائفلیں روس سے خریدی جائیں گی۔دوسری جانب دونوں ممالک نے دورے کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا ،جس میں ہرقسم کی دہشتگردی سے لڑنے پر اتفاق کیاگیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق روس نے نیوکلیئر سپلائرز گروپ کیلئے بھارت کی حمایت کا اعادہ کیا۔روسی صدر نے آئندہ سال مودی کو دورہ ماسکو کی دعوت بھی دی۔پوٹن کا دورہ ختم ہوتے ہی بھارتی سیکرٹری خارجہ نے میڈیا سے بریفنگ کے دوران بتایا کہ روس نے اسے میزائل دفاعی نظام s-400کی فراہمی شروع کردی ہے ۔یا درہے کہ امریکا نے بھارت کو خبردار کیاتھاکہ اگر اس نے روس سے دفاعی نظام خریداتو اس پر پابندیاں لگادیں گے ۔ وزیر خارجہ ہرش وردھان شرنگلا نے کہاکہ دفاعی نظام کی فراہمی اسی ماہ شروع ہوئی ہے ، یہ جاری رہے گی۔ اس سے قبل روسی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ امریکا نے بھارت کو دفاعی نظام کی خریداری سے باز رکھنے کی بھرپور کوشش کی لیکن بھارت پیچھے نہ ہٹا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں