سرینگرہائیکورٹ:کشمیری شہری کی نظربندی کالعدم قرار
یاسین ملک کیس کی سماعت4جنوری تک ملتوی،نینگلی سے 2نوجوان گرفتار ، پونچھ میں سابق سب انسپکٹرفوجی وین کی ٹکرسے ہلاک،بارہ مولاسے لاش برآمد
جموں،سرینگر(کے پی آئی،اے پی پی)سرینگرہائیکورٹ نے کشمیری شہری کی نظربندی کالعدم قراردیتے ہوئے فوری رہائی کا حکم دے دیا،جنیدڈارکو پی ایس اے کے تحت نظر بندکیا گیاتھا، ادھرجموں میں انسداد دہشت گردی کی ٹاڈا عدالت نے حریت رہنمایاسین ملک ودیگر کیخلاف 31سال پرانے مقدمے کی سماعت 4 جنوری تک ملتوی کر دی۔ گزشتہ روز جاوید میر، شوکت بخشی، محمد منظور صوفی اور جاوید زرگر عدالت میں پیش ہوئے ۔ ضلع بارہمولہ سے 2 کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیاگیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق توفیق اوربلال احمد کو ضلع کے علاقے نینگلی میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران گرفتار کیاگیا۔ بھارتی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار کیاگیا ایک نوجوان عسکریت پسند جبکہ دوسرا اس کا ساتھی ہے ۔دوسری جانب پونچھ ہائی وے پر بھارتی فوجی گاڑی نے ایک نجی کارکوٹکردے ماری جس کے نتیجے میں پولیس کا ایک ریٹائرڈ سب انسپکٹر محمد مشتاق خان ہلاک اورچاردیگر زخمی ہوگئے ۔ دوسری طرف بارہ مولا ضلع کے سنگھ پورہ علاقے میں منگل کو ایک ادھیڑ عمر کے شخص کی لاش برآمدہوئی ۔ پولیس نے لاش قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔