ٹکٹ نہ ملنے پر بھارتی سیاستدان روپڑا
لکھنو (دنیا مانیٹرنگ)اترپردیش اسمبلی کے انتخاب کیلئے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر بہوجن سماج پارٹی کے رہنما ارشد رانا رو پڑے ، واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ویڈیو میں ارشد رانا مسلسل روتے ہوئے دعویٰ کرتے ہیں کہ پارٹی قیادت نے انہیں ٹکٹ دینے کا وعدہ کیا تھا، مگر آخری وقت پر انکار کر دیا ، پارٹی قیادت کے وعدے کی وجہ سے انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب چرتھاول میں بینر بھی لگا دیئے تھے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع مظفر نگر سے تعلق رکھنے والے ارشد رانا نے الزام لگایا کہ ان سے پارٹی ٹکٹ کیلئے 67 لاکھ روپے مانگے گئے ، وہ اپنے حلقے میں چار سال سے کام کر رہے ہیں، انہیں امید تھی کہ ٹکٹ انہیں ہی ملے گا۔