طالبان کا21مارچ سے گرلز سکول کھولنے کا اعلان

طالبان کا21مارچ سے گرلز سکول کھولنے کا اعلان

کابل(آئی این پی ) ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس 21مارچ سے ملک بھر میں لڑکیوں کے تمام سکول کھول دیئے جائیں گے ۔

امریکی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کے سکول کھولنے کے انتظامات آخری مراحل میں داخل ہوگئے ۔ افغانستان کے نئے سال کا آغاز 21 مارچ سے ہوتا ہے اور رواں برس نئے سال کی شروعات سے لڑکیوں اور خواتین کے لیے سکول کالجز کھول دیئے جائیں گے تاہم مخلوط تعلیم کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ترجمان طالبان نے اس تاخیر کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ہم لڑکیوں کی تعلیم کے خلاف نہیں۔

تاہم مخلوط نظام تعلیم کے خاتمے اور علیحدہ عمارتوں کے انتظامات سمیت نصاب میں تبدیلی کے باعث لڑکیوں کے سکول کھولنے میں کچھ وقت لگا۔ عالمی قوتوں نے افغانستان کے منجمد فنڈز کی بحالی کے لیے طالبان حکومت پر لڑکیوں کے سکول کھولنے ، خواتین کو ملازمتوں پر آنے کی اجازت دینے اور کابینہ میں تمام طبقات کی شمولیت کے لیے دبائو میں اضافہ کیا ہے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں