امریکی وزیر خارجہ کا روسی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ
واشنگٹن(اے ایف پی)امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا روسی ہم منصب سرگئی لاروف کیساتھ ٹیلی فونک رابطہ، یوکرائن کا بحران ختم کرنے کیلئے ڈپلومیسی جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔
وزیر خارجہ بلنکن نے روسی ہم منصب کیساتھ گفتگو میں یوکرائن کی سرحد پر روسی فوج کی تعیناتی سے پیدا کشیدگی کے خاتمے کیلئے سفارتی ذرائع کا استعمال جاری رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے یوکرائن کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے غیر متزلزل امریکی عزم کا بھی اظہار کیا اور کہاکہ یورپی سلامتی پر کسی بھی بات چیت میں نیٹو اتحادیوں اور یوکرائن سمیت یورپی پارٹنرز کو ضرور شامل کیا جائے ۔ ادھر روسی وزیر خارجہ نے کہا یوکرائن پر بات چیت جاری رکھنے سے قبل روس اپنے سکیورٹی مطالبات پر امریکی جواب کا منتظر ہے ۔