شرائط مکمل، مسلم ممالک آگے بڑھیں، طالبان حکومت تسلیم کریں: افغان وزیراعظم

شرائط مکمل، مسلم ممالک آگے بڑھیں، طالبان حکومت تسلیم کریں: افغان وزیراعظم

کابل(اے ایف پی ، دنیانیوز)افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت کے وزیراعظم ملا محمدحسن اخوندزادہ نے اسلامی ممالک سمیت بین الاقوامی برادری سے ان کی حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کی اپیل کی ہے ۔

افغانستان کے قائم مقام وزیراعظم نے اپنی پہلی اقتصادی نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ تمام شرائط مکمل کردی ہیں اور اب دنیابالخصوص مسلم ممالک حکومت تسلیم کریں، امید ہے کہ دیگر ملکوں کو بھی ہم جلد قائل کر لیں گے ۔ وہ ایسا طالبان انتظامیہ کیلئے نہیں بلکہ افغان عوام کیلئے چاہتے ہیں۔ اخوندزادہ نے مزید کہامیں خاص طور پر اسلامی ممالک سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ آگے بڑھیں ۔ انہوں نے کہا امید ہے کہ اس کے بعد ملک تیزی سے ترقی کر سکے گا۔عالمی ادارہ برائے خوراک کے مطابق 4کروڑ آبادی میں سے 2کروڑ30لاکھ شہری شدید بھوک کا شکار ہیں۔

ان میں 90لاکھ قحط کے بہت قریب ہیں۔گزشتہ برس ستمبر میں وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعدملاحسن کی یہ افغان قومی نشریاتی ادارے پر نشر کی گئی پہلی گفتگو تھی،اس اہم پریس کانفرنس میں افغانستان میں اقوام متحدہ کے پر اجیکٹس کے انتظامی امور کی نگرانی کرنے والے ارکان بھی موجود تھے ۔ اخوندزادہ نے مزید کہا جو طاقتیں انسانی حقوق کے تحفظ کی دعویدار ہیں، انہی کی پابندیوں اور افغانستان کے فنڈ منجمد کرنے سے افغان عوام معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ امداد کی فراہمی پر عائد پابندی میں نرمی کی جائے کیونکہ پابندی کے نتیجے میں ملک میں معاشی بحران شدت پکڑ رہا ہے ۔

ان کاکہناتھاقلیل مدتی امداد مسائل کاحل نہیں ہے ،افغانستان میں سکیورٹی کی صورتحال بہترہوگئی، عالمی ادارے سرمایہ کاری کریں، ہمیں بنیادی طور پر مسائل کو حل کرنے کا راستہ تلاش کرنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ نائب وزیراعظم عبدالسلام حنفی نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ حکومت عالمی ڈونرز کی شرائط کے دباؤ میں آکر ملکی خودمختاری قربان نہیں کرے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں