فائیو جی تنازع:امریکاکیلئے عالمی پروازیں معطل
نیویارک(دنیا مانیٹرنگ)فائیوجی تنازع پرمختلف کمپنیوں نے امریکاجانے والی پروازیں منسوخ یاان کاشیڈول تبدیل کردیا۔
متحدہ عرب امارات کی ایمریٹس اور2جاپانی کمپنیوں نے ردعمل دیا،ایمریٹس کے مطابق پروازوں میں ضروری اپڈیٹ تک آپریشن معطل رہیں گے ۔امریکی ہوائی اڈوں کے قریب فائیو جی موبائل فون ٹیکنالوجی کے استعمال کے تنازع کے بعد متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی ایمریٹس سمیت دنیا بھر کی فضائی کمپنیوں نے امریکا کیلئے اپنی پروازیں منسوخ کر دیں یا ان کا شیڈول تبدیل کر دیا ۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق فائیو جی ٹیکنالوجی کے تنازع سے بوئنگ 777 طیارے خاص طور پر متاثر ہوں گے ۔ طویل پرواز کیلئے موزوں یہ بڑے طیارے دنیا بھر میں استعمال کیے جاتے ہیں۔ خاص طور پرایمریٹس انہیں استعمال کرتی ہے ۔ جاپان کی دو فضائی کمپنیوں نے بھی امریکا کیلئے اپنی پروازیں منسوخ کر دیں یا ان کے شیڈول میں تبدیلی کی ۔ جاپان نے فضائی کمپنی بوئنگ کا براہ راست نام لیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فائیو جی سگنلز سے خاص طور پر متاثر ہوتے ہیں۔
بعض امریکی ہوائی اڈوں کے قریب نئی موبائل فون سروس کا آغاز اس ہفتے ہونا تھا تاہم امریکی موبائل فون کمپنیاں اے ٹی اینڈ ٹی اور ویری زون فائیو جی سروس کا استعمال ملتوی کرنے کے اعلان کر چکی ہیں اس کے باوجود فضائی کمپنیوں نے امریکا کیلئے اپنی پروازیں منسوخ کر دیں۔ایمریٹس کمپنی کا اپنی ویب سائٹ پرکہناتھا کہ ان نیٹ ورکس کو شروع کرنے سے پہلے جب تک پرواز کے آلات اور مشینوں میں ضروری اپ ڈیٹ اور تبدیلیاں نہیں کی جاتیں اس وقت تک انتظار کیا جائے ۔