چینی فوج نے اروناچل پردیش سے ایک شہری اغوا کرلیا ، بھارتی الزام
نئی دہلی (دنیا مانیٹرنگ) بھارت نے الزام لگا یا ہے کہ چینی فوج نے اروناچل پردیش کی سرحد کے قریب 17 سالہ لڑکا اغوا کرلیا۔
بھارتی نیوز ایجنسی کے مطابق اروناچل پردیش کے ضلع بالائی سیانگ کے رکن پارلیمنٹ نے بتایا کہ مغوی لڑکے کی شناخت میرام تیرون کے نام سے ہوئی ہے ، وہ اور اس کے ساتھی سرحدی علاقے میں شکار کیلئے گئے ، جہاں چینی فوج نے اسے اغوا کر لیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب رہے ۔ انہوں نے وزیر داخلہ کو واقعہ سے مطلع کرتے ہوئے لڑکے کی بازیابی کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی درخواست کی ہے ۔