امریکا کا سفارتی عملے کے اہلخانہ کو پیرتک یوکرائن چھوڑنیکاحکم
واشنگٹن (دنیا مانیٹرنگ)امریکی دفتر خارجہ نے یوکرائن میں تعینات اپنے سفارتی عملے کے اہل خانہ کوسوموار تک ملک سے نکل جانے کا حکم دے دیا۔
برطانوی اخبار کے مطابق امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن خبردار کر چکے ہیں کہ روس شارٹ نوٹس پر یوکرائن پر حملہ کر سکتا ہے ۔ کیف میں امریکی سفارتی عملے سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ شارٹ نوٹس پر مزید روسی فوج سرحدوں پر لانے کے منصوبے سے ہم آگاہ ہیں، جس سے صدر پوٹن انتہائی شارٹ نوٹس پر یوکرائن کے خلاف جارحانہ کارروائی کر سکیں گے ، ہم سفارتی اور پرامن ذرائع استعمال کرنا چاہتے ہیں مگر حتمی فیصلہ صدر پوٹن نے کرنا ہے ۔ ادھر یوکرائن کے صدر زیلینسکی نے اپنے بیان میں خبردار کیا کہ یوکرائن کے صنعتی شہر خارکیف پر روسی قبضے کی کوشش ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ بن سکتی ہے ۔
ان کی نظر میں یہ شہر روسی صدر پوٹن کا ممکنہ ہدف ہے ۔ امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان نے وضاحتی بیان میں کہاکہ یوکرائن سے سفارتکاروں کے اہلخانہ کو فوری طور پر نکالنے کیلئے اقدامات نہیں کررہے ،ان افراد کو نکلنے کیلئے معمول کی کمرشل فلائٹس دستیاب ہیں۔ادھریوکرائن حکومت کے ذرائع نے سی این این کو بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اس قسم کا امریکی اقدام بیجا ہو گا۔