مقبو ضہ وادی فوجی چھائونی میں تبدیل، تلاشی آپریشن تیز

 مقبو ضہ وادی فوجی چھائونی میں تبدیل، تلاشی آپریشن تیز

سرینگر(کے پی آئی ،این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنمائوں نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل سے فوری مسئلہ کے پائیدار حل کیلئے کوششیں کرنے مطالبہ کیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنما فریدہ بہن جی نے ردعمل میں کہا جموں و کشمیر گزشتہ کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ایک متنازعہ مسئلے کی صورت میں موجود ہے جس کے حل کے لئے عالمی ادارے نے کئی قراردادیں منظور کی ہیں۔ عالمی ادارے کے سربراہ کی حیثیت سے انتونیوگوتریس کا بیان جہاں ایک خوش آئند ہے وہیں اقوام متحدہ کو اس مسئلے کے منصفانہ اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پائیدار حل کیلئے اپنی کوششیں تیز کرنی چاہئیں ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے یواین سیکرٹری پر زور دیا کہ وہ کشمیرکی سنگین صورتحال کا نوٹس لیں جہاں بھارتی مظالم کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے ۔

پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے اس بیان پر کہ کشمیر میں حالات معمول پر آنے کے بعد اس کی ریاستی حیثیت بحال کر دی جائے گی، ردعمل میں کہا اس سے ثابت ہوتا ہے کہ خاموشی کو نارملسی نہیں سمجھا جانا چاہیے ،بھارتی حکومت کا اعتراف کہ حالات اب بھی معمول کے مطابق نہیں ہیں، تضادات کا مجموعہ ہے ۔دوسری جانب نام نہا دیوم جمہوریہ قریب آتے ہی قابض فوج نے وادی کو چھائونی میں تبدیل کردیا ہے ، بھارتی فورسز نے جگہ جگہ ناکے لگا دیئے ۔

سرینگر اور جموں کے تمام داخلی راستوں پر ناکے اورنام نہاد حفاظتی چوکیاں قائم کردیں ۔ادھر بھارتی پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ سے ایک نوجوان کو عسکریت پسند قرار دے کرگرفتارکرلیا۔گرفتارنوجوان کی شناخت عمر فاروق بٹ ساکن رینزی پورہ پلوامہ کے طورپر کی گئی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں