فوجی بغاوت کامیاب ، صدر گرفتار

فوجی بغاوت کامیاب ، صدر گرفتار

واگا دوگو (دنیا ڈیسک) مغربی افریقی ملک برکینا فاسو میں فوجی بغاوت کے بعد صدر راچ مارک کابور کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق فوجیوں کے ایک گروپ نے اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر کہا کہ صدر کو اقتدار سے علیحدہ کر کے محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا ہے ، ان کے خلاف کارروائی ضروری ہو گئی تھی کیوں کہ انتہا پسند عناصر ہمارے فوجی جوانوں کو قتل کر رہے تھے ، حکومت ان عناصر پر قابو پانے میں ناکام ہو گئی تھی۔ دوسری جانب صدر راچ مارک کابور نے ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں باغی فوجیوں پر زور دیا کہ وہ اسلحہ پھینک دیں اور منتخب حکومت کے خلاف بغاوت سے باز آ جائیں۔ وزیر دفاع سمپور نے صدر کابور کی گرفتاری کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ گنتی کے چند فوجی جوانوں نے بغاوت کی کوشش کی تھی لیکن ناکام رہے ۔

واضح رہے کہ صدر کابور پہلے 2015 ء اور اس کے بعد 2020 ء کے الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے تھے ، تاہم کہا جاتا ہے کہ وہ القاعدہ اور داعش کے جنگجوؤں پر قابو پانے میں ناکام ہو گئے تھے ۔ گزشتہ چند برس کے دوران انتہا پسندوں کے ہاتھوں ہزاروں شہری ہلاک اور 15 لاکھ سے زیادہ بے گھر ہو چکے ہیں۔ دریں اثناء مغربی افریقی ممالک کی تنظیم WCOWAS نے برکینا فاسو میں فوجی بغاوت کی شدید مذمت کرتے ہوئے معزول صدرکابور کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں