امریکا نے تسلیم نہ کیا تو دشمنی کے دروازے کھلے رہیں گے : طالبان

امریکا نے تسلیم نہ کیا تو دشمنی کے  دروازے کھلے رہیں گے : طالبان

کابل (دنیا مانیٹرنگ)افغانستان میں طالبان حکومت کے قائم مقام وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے طالبان کی حکومت کو تسلیم نہ کیا تو طالبان کی امریکا سے دشمنی کے دروازے کھلے رہیں گے ۔

 انڈی پینڈنٹ اردو کے مطابق الجزیرہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگر امریکا طالبان کو تسلیم نہیں کرنا چاہتا تو طالبان اسے دھمکیاں دیتے رہیں گے ۔ حقانی نے مزید کہا کہ افغانستان میں کوئی دہشت گرد تنظیم یا گروپ نہیں ہے جس سے امریکی مفادات کو خطرہ ہو۔ وہ امریکا کے ساتھ دوحہ معاہدے کے پابند ہیں لیکن امریکا پر بھی زور دیتے ہیں کہ وہ اس معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ۔ان کا کہنا تھاہمیں ان سے وعدہ کرنے کے لیے کہا گیا تھا کہ ہم کسی تنظیم یا گروہ کو اپنی سرزمین کو ان کے مفادات کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔

ہم نے اس عہد کو پورا کیا اور اپنی سرزمین کے اندر سے انکے خلاف کوئی خطرہ پیدا نہیں ہونے دیا۔حقانی کا ماننا ہے کہ طالبان کے خلاف تمام مغربی اقدامات کے پیچھے امریکا کا ہاتھ ہے ۔ ان کے بقول امریکا طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کرتا، ان کے ساتھ غیر سرکاری بات چیت کرتا ہے اور مغربی ممالک کو ان کے ساتھ روابط کی اجازت نہیں دیتا ‘اور یہ ہمارے لیے قابل قبول نہیں ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق فوجیوں کو تقویٰ اور مہارت کی بنیاد پر اپنی فوج کی صفوں میں جگہ دیں گے ۔جو لوگ قانون اور طالبان رہنماؤں کے حکم سے ماورا عدالت کا کام کرتے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، یہ لوگ زیادہ نہیں بلکہ بہت کم تعداد میں ہیں جنہیں طالبان اپنی صفوں سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں