امریکی چڑیا گھر میں کئی جانوروں کی غیر فطری موت،متعدد غائب،تحقیقات میں تعاون پر10ہزار ڈالر انعام

امریکی چڑیا گھر میں کئی جانوروں کی  غیر فطری موت،متعدد غائب،تحقیقات  میں تعاون پر10ہزار ڈالر انعام

ٹیکساس(دنیا مانیٹرنگ)امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس کے چڑیا گھر میں پراسرار قوتوں کی موجودگی کی باتیں گردش کرنے لگیں۔

اس کی وجہ ڈیلس چڑیا گھر میں پیش آنیوالے کچھ واقعات ہیں جن کی وجہ 

 تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ پراسرار قوتوں کے قصے کا آغاز گزشتہ ہفتے 35 سالہ گدھ کے پنجرے میں موت سے ہوا، یہ موت بظاہر کسی فطری وجہ سے نہیں ہوئی۔پولیس اس کیس کی تحقیقات کر رہی ہے ۔چڑیا گھر انتظامیہ نے گدھ کی موت کی تحقیقات میں معاون ثابت ہونیوالی معلومات دینے پر 10 ہزار ڈالر کا انعام رکھا ہے ۔مرنے والا گدھ معدومی کی شکار ایک نسل سے تعلق رکھتا تھا ۔قبل ازیں 13 جنوری کو چڑیا گھر سے ایک تیندوا پنجرے سے غائب ہو ا، بعدازاں چڑیا گھر کے احاطے سے مل گیا،پنجرے کی باڑ کا کچھ حصہ کٹا ہوا پایا گیا۔بعدازاں ایک لنگور کے پنجرے سے فرار کا واقعہ پیش آیا۔ دونوں واقعات کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ پولیس اور چڑیا گھر کی انتظامیہ کی تحقیقاتی ٹیم کا کہنا ہے کہ تیندوے اور لنگور کے فرار کی تحقیقات کے دوران انہوں نے نصب کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا،مگر فرار کی کوئی ٹھوس وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔2004 میں ڈیلس چڑیا گھر کا 154 کلو وزنی گوریلا بھی پنجرے سے باہر نکل آیا ، 40 منٹ چڑیا گھر میں گھومتا رہا، اس دوران تین افراد کو زخمی کیا، اسے قابو کرنے کیلئے پولیس کو گولی چلانا پڑی جس سے اس کی موت ہو گئی۔نیوز ایجنسی کے مطابق چڑیا گھر کے صدر گریگ ہیڈسن نے صحافیوں کو بتایا کہ اس وقت ہر شے مشکوک ہوچکی ہے ، ہم ہر ایک آپشن کو دیکھ رہے ہیں۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں