ڈاکٹر فوزیہ کی اپنی بہن عافیہ صدیقی سے آج پھر ملاقات
فورٹ ورتھ(مانیٹرنگ ڈیسک)ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور سینیٹر مشتاق کی آج پھر امریکا میں قید عافیہ صدیقی سے ملاقات ہوگی،سینیٹر مشتاق نے بتایاکہ یہ ملاقات ٹیکساس کے شہر فورٹ ورتھ کی وفاقی جیل میں ہوگی۔
اس سے قبل منگل کو بیس سال میں پہلی بار عافیہ صدیقی کی ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے ساتھ ملاقات ہو ئی تھی۔دونوں بہنوں کو گلے ملنے یا ہاتھ تک ملانے کی اجازت نہ تھی۔ سینیٹر مشتاق نے ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے کہاکہ یہ ملاقات اڑھائی گھنٹے پر محیط تھی،جہاں دونوں کے درمیان شیشہ تھا،فوزیہ صدیقی نے بتایاکہ سر پر سکارف پہنے جیل کے خاکی لباس میں ملبوس عا فیہ صدیقی نے بتایا ان پر کیا گزری اور پھر باقی کے وقت فوزیہ ان کو ان کے بچوں کے بارے میں بتاتی رہیں۔فوزیہ صدیقی کے مطابق ان بیس سالوں کے دوران بہت کچھ بدل گیا۔ عافیہ صدیقی کی والدہ وفات پاچکی ہیں، بیٹی ڈاکٹر بن گئی ہے اوروہ بیٹا جو چھ ماہ کی عمر میں ان سے الگ ہوا تھا ،اب نوجوان ہے ۔ ملاقات کے دوران فوزیہ کو عافیہ کو ان کے بچوں کی تصویریں دکھانے کی اجازت نہیں دی گئی، جو بہن کو دکھانے کیلئے پاکستان سے اپنے ساتھ لائی تھیں۔ملاقات کے بعد ڈاکٹر فوزیہ بہت جذباتی ہوگئی تھیں۔ وکیل کلائیو اسٹیفر سمتھ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق، عافیہ نے اپنی بہن کو بتایا کہ وہ اپنے خاندان، اپنی والدہ، والد اور بچوں کو ہر وقت یاد کرتی رہتی ہیں۔ عافیہ کی اپنے بچوں سے متعلق ہر بات دو ہزار تین کے اس وقت میں منجمد ہے ، جب انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔عافیہ صدیقی کو 86سال قیدکی سزا ہوئی ہے ،ان کی رہائی کی تاریخ 3 جون 2082ہے ۔