غزہ پر حملے ،مزید92شہید، جنوبی لبنان پر اسرائیلی ڈرون حملہ

غزہ پر حملے ،مزید92شہید، جنوبی لبنان پر اسرائیلی ڈرون حملہ

غزہ،بیروت(اے ایف پی)گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی بمباری سے مزید 92افراد شہید،156زخمی ہو گئے۔۔۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل  حماس جنگ میں ابتک کم ازکم 30ہزار320افراد شہید اور 71ہزار 533زخمی ہو چکے ۔ دوسری جانب جنوبی لبنان میں ایک کار پر اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے تین ارکان مارے گئے ۔ وزارت صحت نے کہا کہ شمالی غزہ میں ہزاروں افراد پانی کی کمی اور غذائی قلت سے مرنے کے خطرے سے دوچار ہیں۔ افریقی یونین کے سربراہ موسیٰ فاکی ماہت نے اسرائیل پر فلسطینیوں کے بڑے پیمانے پر قتل کا الزام لگایا ہے ۔انہوں نے ایکس پر پوسٹ کئے گئے ایک بیان میں کہا جنگ زدہ غزہ میں امدادی قافلے پر فائرنگ کی بین الاقوامی تحقیقات کی جائیں ۔ سینٹ کام نے کہا ہے کہ امریکی فورسز نے یمن میں حوثیوں کے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کو مار گرایا،حوثیوں نے بحیرہ احمر میں ایک اینٹی شپ میزائل داغا لیکن کسی بحری جہاز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ وہ رمضان تک اسرائیل حماس تنازع میں جنگ بندی معاہدے کیلئے پر امید ہیں۔ادھر امریکی صدرنے غزہ میں ایئر ڈروپ کے ذریعے امداد تقسیم کرنے کا اعلان کردیا۔ جوبائیڈن کی جانب سے یہ اعلان گزشتہ دنوں غزہ میں امداد کیلئے لائن میں لگے فلسطینیوں پر حملے اور اس میں جانی نقصان کے بعد سامنے آیا ۔برطانوی وزیراعظم نے فلسطینیوں کے حق میں بولنے والوں کو شدت پسند قراردیدیا، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے برطانوی وزیراعظم کے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی حکومت غزہ میں جنگ کے خلاف لوگوں کے احتجاج کے حق کو محدود کرنے کی کوشش کر ر ہی ہے ۔غزہ میں بڑے پیمانے پر مظالم کے خلاف پرامن احتجاج کو انتہا پسندی سے نہیں جوڑا جانا چاہیے ۔

 

 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں