اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے قبل پیرس میں تخریب کاری،توڑ پھوڑ،کئی ٹرینیں منسوخ

اولمپکس  کی  افتتاحی  تقریب  سے  قبل  پیرس میں  تخریب کاری،توڑ پھوڑ،کئی ٹرینیں  منسوخ

پیرس (اے ایف پی)پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے چند گھنٹے پہلے 4مقامات پر تخریبی کارروائیوں کے بعد فرانس کا ریل نیٹ ورک مفلوج ہوکررہ گیا جس سے برطانیہ اور فرانس کے درمیان چلنے والی ٹرینوں کو منسوخ کرناپڑا ۔

فرانسیسی ریل آپریٹر کمپنی نے کہا  کہ رات کے وقت ہونے والے آتشزدگی اورتوڑپھوڑ کے تین حملوں نے پیرس کے شمال، جنوب مغرب اور مشرق میں اس کے نیٹ ورک کے ارد گرد سٹریٹجک جنکشن پر کیبلنگ باکسز کو تباہ کر دیا تھا ۔دارالحکومت کے جنوب مشرق میں توڑ پھوڑ کی چوتھی کوشش کو ریل کارکنوں نے ناکام بنا دیا اورملزم فرار ہوگئے ۔پیرس اور لندن کے درمیان متعدد یورو سٹار ٹرینوں کو منسوخ کردیاگیا ، جس سے اولمپکس مقابلے دیکھنے کیلئے پیرس جانیوالے برطانوی کھیلوں کے شائقین متاثر ہوئے ہیں جبکہ امریکا کی باسکٹ بال ٹیم ٹرینیں منسوخ ہونے کی وجہ سے سربیا کیخلاف میچ کھیلنے کیلئے لِل سٹی نہیں پہنچ سکی ۔برطانوی وزیراعظم کیئرسٹارمر بھی دریائے سین پر ہونیوالی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے ٹرین کے ذریعے آنیوالے تھے تاہم تخریبی کارروائیوں کے بعد وہ ہوائی جہازپرپیرس پہنچے ۔فرانسیسی وزیراعظم گیبریل اٹل نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہاہے کہ ہماری انٹیلی جنس سروسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان مجرمانہ کارروائیوں کے مرتکب افراد کو تلاش کرنے اور سزا دینے کیلئے متحرک ہیں،انہوں نے ان حملوں کو تخریب کاری کی تیار اور مربوط کارروائیاں قرار دیا۔فرانسیسی ریل کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ کئی ٹرینوں کو متبادل روٹس فراہم کردیئے گئے ہیں جبکہ انجینئر زٹرینوں کی بحالی کیلئے کام کررہے ہیں،مجرموں کی شناخت کے بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں