حریت رہنما سید علی گیلانی کی تیسری برسی کل منائی جائے گی

حریت رہنما سید علی گیلانی کی  تیسری برسی کل منائی جائے گی

مظفرآباد ،سرینگر (آئی این پی )تحریک آزادی کشمیر کے رہنما بابائے حریت سید علی شاہ گیلانی مرحوم کو انکی تیسری برسی پر یکم ستمبر کو شاندار انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔

پاسبان حریت جموں کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی اور وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ مرحوم علی شاہ گیلانی کی تیسری برسی پر انہیں انکی لازوال اور انتھک جدوجہد پر خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے مظفر آباد اور سرینگر سمیت دیگر شہروں میں تقریبات ہونگی ، ریلیوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنما اور جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی چیئرپرسن فریدہ بہن جی نے علی شاہ گیلانی کو ان کے تیسرے یوم وفات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عظیم قائد آج بھی کشمیری عوام کے دلوں میں زندہ ہیں، سید علی گیلانی کا یہ نعرہ ہم پاکستانی ہیں اورپاکستان ہمارا ہے آج بھی کشمیر کے چپے چپے پر گونجتا ہے ،ان کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، انہوں نے اپنی پور ی زندگی جدوجہد آزادی کے لئے وقف کررکھی تھی۔قابض بھارتی حکام کی طرف سے ظلم وستم کے باوجود مسئلہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر ڈٹے رہے کبھی اپنے اصولی موقف پرسمجھوتہ نہیں کیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں