لبنان:اسرئیلی فضائی حملے،شامی خاندان کے 23 افراد سمیت 36 شہید

لبنان:اسرئیلی  فضائی  حملے،شامی خاندان کے 23 افراد سمیت 36 شہید

بیروت ،دمشق،نیو یارک (اے ایف پی، رائٹرز،اے پی)لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے جاری ،شامی خاندان کے 23افراد سمیت 36شہید ،درجنوں زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق شمال مشرقی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہونے والے شامی باشندے ایک ہی خاندان سے تھے۔۔۔

شہدا میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں،قصبے کے میئر علی الکساس کا کہناتھا کہ شامی شہری دیہاڑی دار مزدور تھے ، ان کا حزب اللہ کیساتھ کسی قسم کا تعلق نہیں تھا ، وہ کرائے کی عمارت میں رہتے تھے ، میئر نے بتایا کہ عمارت کے لبنانی مالک سمیت آٹھ لوگ زخمی بھی ہوئے ۔ادھر لبنان میں طبی حکام کا کہنا تھا گزشتہ روز اسرائیلی حملوں میں کم ازکم 13 لبنانی جان سے گئے جبکہ درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ۔ پیر سے اب تک صیہونی کارروائیوں میں لبنان میں شہادتوں کی مجموعی تعداد 650 ہو چکی ہے ۔علاوہ ازیں جنگ بندی کے عالمی مطالبات کے باوجود اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے فوج سے کہا ہے کہ وہ لبنان میں حزب اللہ کے جنگجوؤں کے خلاف بھرپور طاقت کے ساتھ عسکری کارروائیاں جاری رکھیں۔اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت نے حزب اللہ کے ساتھ لڑائی میں 21 روزہ جنگ بندی کیلئے امریکا اور اس کے اتحادیوں کے دباؤ کا کوئی جواب نہیں دیا۔اسرائیل حزب اللہ سے فتح تک لڑے گا۔صیہونی فوج نے کہا ہے کہ گزشتہ روز جنوبی لبنان اور وادی البقاع میں حزب اللہ کے 75 ٹھکانوں پر حملے کئے ۔اسرائیلی فوج کا کہنا تھا جمعرات کو بیروت پر حملے میں حزب اللہ کے ڈرون یونٹ کا سربراہ محمد سرور مارا گیا ہے جسے ابو صالح کے نام سے جانا جاتا ہے ۔حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعرات کی رات شمالی اسرائیل میں45 راکٹ داغے گئے ۔ تازہ کارروائی میں اسرائیلی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ۔لبنانی وزارت صحت نے کہا ہے کہ بدھ کے روز اسرائیلی حملوں میں 72 افراد شہید،400 کے قریب زخمی ہوئے تھے ۔ادھر شامی سکیورٹی ذرائع کے مطابق اسرائیلی حملے کے بعد 22ہزار سے زائد لبنانی شام منتقل ہو گئے ۔جنوبی لبنان میں ایک گھر میں دھماکے سے 87 سالہ فرانسیسی خاتون کی موت ہو گئی ۔پوپ فرانسس نے کہا کہ اختلافات کو حل کرنے کیلئے بااختیار لوگوں کو ایماندارانہ مذاکرات میں صبر کے ساتھ شامل ہونے کی اشد ضرورت ہے ۔سمجھوتہ کسی بھی چیز کو نقصان نہیں پہنچا سکتا ، اس کے بجائے سب کیلئے سلامتی اور امن قائم کر سکتا ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں