غزہ :وحشیانہ اسرائیلی بمباری، دو روز میں 120 افراد شہید،سینکڑوں زخمی
غزہ ،بیروت (اے ایف پی،رائٹرز،مانیٹرنگ ڈیسک)گزشتہ 48گھنٹوں میں غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری،گولہ باری اور فائرنگ میں 120افراد شہید ،سینکڑوں زخمی ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق غزہ کے محکمہ شہری دفاع نے کہا کہ اسرئیلی بربریتکے باعث گزشتہ دو روز میں غزہ میں کم ازکم 120 افرادشہید ہوئے ،اسرائیلی فضائیہ نے غزہ شہر ،رفح ،بیت لاہیا و دیگر علاقوں میں کئی رہائشی عمارتوں پر بمباری کی اور رہائشی عمارتوں پر ٹینکوں سے گولے داغے ،کئی افراد تباہ ہونے والے گھروں کے ملبے تلے دب گئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے ۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری صیہونی حملوں میں ابتک کم ازکم 44ہزار 176فلسطینی شہید،1لاکھ4ہزار 473زخمی ہو چکے ۔ادھر لبنان نے کہا کہ دارالحکومت بیروت کے علاقے البسطہ الفوقا پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک رہائشی عمارت گر گئی جس کے باعث کم از کم 15 افراد شہید،70زخمی ہو گئے ۔ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں ، کھدائی کے ذریعے آٹھ منزلہ عمارت کا ملبہ ہٹایا جا رہا ہے ،لبنانی وزارت صحت نے کہا کہ شہدا کی لاشیں ناقابل شناخت ہیں ، شہادتوں کی حتمی تعداد کا تعین ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد کیا جائے گا۔امریکی میڈیا نے شام پر اسرائیل کی بمباری میں سینئر حزب اللہ کمانڈر کی شہادت کا دعویٰ کیا ہے ۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سینئر حزب اللہ کمانڈر علی موسیٰ دقدوق کو حالیہ فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا۔علی موسیٰ دقدوق 2007 میں عراق میں امریکی فوج پر حملے میں ملوث تھے ، کربلا میں امریکی بیس پر حملے میں 5 امریکی فوجی ہلاک ہو گئے تھے ۔حماس نے عالمی عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا دائرہ صرف اسرائیلی وزیراعظم اور سابق وزیر دفاع تک محدود نہ رکھے بلکہ اسے اسرائیل کے مزید لیڈروں تک پھیلائے تاکہ فلسطینی سرزمین پر ناجائز قابض اور جنگی جرائم میں ملوث سبھی اسرائیلی لیڈروں کا عدالتی احتساب ہو سکے ۔