جنرل اسمبلی ، غزہ میں غیرمشروط جنگ بندی کی قرارداد منظور
اقوام متحدہ(اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں غزہ میں فوری غیرمشروط جنگ بندی کی قرارداد منظور کرلی گئی۔
اجلاس میں اسرائیل اور حماس سے تمام یرغمالیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ قرارداد کی حمایت میں 158 جبکہ مخالفت میں 9 ووٹ ڈالے گئے ،13 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔امریکا، اسرائیل اور دیگر 7 ملکوں نے قرارداد کے خلاف ووٹ دیا۔جنرل اسمبلی اجلاس میں امدادی ایجنسی انروا کے حق میں بھی قرارداد منظور کی گئی۔دوسری جانب گزشتہ 24گھنٹے میں غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملوں میں 45افراد شہید،90سے زائد زخمی ہو گئے ۔شہری دفاع کی ایجنسی نے کہا کہ جمعرات کو اسرائیلی فضائی حملوں میں غزہ کے جنوبی حصوں میں امدادی ٹرکوں کی حفاظت کرنے والے 12 محافظوں سمیت کم از کم 33 افراد شہید ہو گئے ۔وزرات صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں اب تک کم ازکم 44ہزار 835فلسطینی شہید،1لاکھ6ہزار 356زخمی ہو چکے ۔مغربی کنارے میں یہودیوں کی بس پر مسلح نوجوان نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہودی آبادکاروں کو نابلس لے جانے والی بس پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد شدید زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دس سالہ بچے نے دم توڑ دیا جب کہ متعدد زخمی زیر علاج ہیں جن میں سے 3 کی حالت نازک ہے ۔