آئین مفلوج کرنیوالوں سے آخر تک لڑوں گا:جنوبی کورین صدر
بیجنگ(اے ایف پی)جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے ملک میں مارشل لا کے نفاذ کے اقدام کا دفاع اور اپنے خلاف مواخذے کی تحریک کے خلاف آخر تک لڑنے کا اعلان کیا ہے ۔
جمعرات کو ٹیلی ویژن پر طویل خطاب میں صدر کا کہنا تھا کہ وہ ایسے مجرمانہ گروہوں کے خلاف آخر تک لڑیں گے جو ریاستی معاملات اور آئین کو مفلوج کرنے کی کوششکرتے ہیں۔ ان لوگوں سے دوبارہ معافی مانگتا ہوں جو مارشل لا کے نفاذ سے پریشان ہوئے ۔ صدر کاکہنا تھا کہ شمالی کوریا کی جانب سے ہیکنگ کی وجہ سے اپریل میں ہونے والے انتخابات میں ان کی پارٹی کو بڑے پیمانے پر شکست ہوئی۔ موجودہ قانون نے غیر ملکی شہریوں کو جاسوسی کے جرم میں سزا دینے کا کوئی راستہ نہیں چھوڑا ،انہوں نے چینی شہریوں کی جانب سے جاسوسی کے دو واقعات کا بھی حوالہ دیا۔دوسری جانب چینی وزارت خارجہ نے کہا صدر یون سک کے ریمارکس پر شدید حیرت ہے ،بیان میں کہا گیا کہ بیجنگ اندرونی معاملات کو چین سے جوڑنے کی سختی سے مخالفت کرتا ہے ۔جنوبی کوریا کی پولیس نے ناکام مارشل لا کی تحقیقات کے سلسلے میں جمعرات کو ایک بار پھر صدارتی دفتر پر چھاپہ مارا ۔ پولیس نے مارشل لا لگانے سے متعلق دستاویزات قبضے میں لے لیں۔