غزہ: 15ماہ کی لڑائی میں 46ہزار فلسطینی شہید ہوئے

 غزہ: 15ماہ کی لڑائی میں 46ہزار فلسطینی شہید ہوئے

غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک)غزہ میں 15 ماہ کی لڑائی میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں 46 ہزار707فلسطینی شہید ،1لاکھ 10ہزار 265زخمی ہوئے ۔

غزہ کے ہزاروں بچے اور خواتین بھی اسرائیلی درندگی کا نشانہ بنے ،سینکڑوں فلسطینی اب بھی ملبے تلے دبے ہیں ، 

کئی لا پتا ہیں ،غزہ جنگ میں ہزاروں فلسطینی ہمیشہ کیلئے معذور ہوئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کو حماس نے اسرائیل پر اب تک کا سب سے مہلک حملہ کیا تھا ، جس کے نتیجے میں 1210سے زائد اسرائیلی ہلاک ہوئے ، حملے کے دوران حماس نے 251 افراد کو یرغمال بھی بنایا تھا، جن میں سے 94 اب بھی غزہ میں قید ہیں، اسرائیلی فوج کے مطابق 34 ہلاک ہو چکے ۔ سات اکتوبر2023 کے حملے کے بعد سے اب تک فلسطینی علاقے میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی کل تعداد 420 سے زائد ہے جبکہ سینکڑوں زخمی بھی ہوئے ۔سینکڑوں اسرائیلی فوجیوں نے فوجی خدمات سے انکار کیا۔ ان کا کہنا تھا وہ فلسطینیوں کو بے دریغ مارنے اور ان کے مکانوں کو جلانے کے حق میں نہیں ہیں۔دوسری جانب غزہ جنگ بندی سے ایک روز قبل بھی اسرائیلی حملے جاری رہے ،مزید63افراد شہید،90زخمی ہو گئے ،دیر البلاح شہر میں ایک خاندان کے گھر پر اسرائیلی بمباری میں11افراد شہید ہوئے ۔ 24 گھنٹے میں اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں 50 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں