امریکی ٹیکس ،عالمی مارکیٹس گرگئیں ،ڈالر کی قدر میں اضافہ

واشنگٹن(اے ایف پی ،رائٹرز)امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے چین، کینیڈا اور میکسیکو پر ٹیرف عائد کرنے پرعالمی مارکیٹس گرگئیں ۔۔۔
جبکہ ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوگیا۔ ٹوکیو ، سیول ،سڈنی، سنگاپور ،ویلنگٹن،اوٹاوا، میکسیکو سمیت کئی ممالک میں شدید مندی کا رجحان رہا۔امریکی ڈالر کے مقابلے میں چینی یوان اور کینیڈین ڈالر کی قدر میں بھی کمی واقع ہوئی۔یورو گزشتہ 2 سال سے زائد عرصے کی کم ترین سطح پرآگیا جبکہ سوئس فرینک کی قدر میں بھی کمی دیکھی گئی ۔دوسر ی جانب ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پیر کو وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو سے کینیڈا پر عائد محصولات کے بارے میں بات کی ہے ، 2 دن کے بعد دوبارہ بات کریں گے ۔ادھر ٹرمپ نے میکسیکو پر عائد تجارتی ٹیرف کو ایک ماہ کیلئے موخر کردیا۔ امریکی صدر نے میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام سے ٹیلی فونک گفتگو کے بعدکہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کسی معاہدے تک پہنچنے کیلئے مذاکرات جاری رہیں گے ۔ادھر کینیڈا کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے اونٹاریو میں امریکی شراب پر پابندی لگا دی گئی ۔یہ اقدام ٹرمپ کی جانب سے کینیڈین اشیا پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے جواب میں اُٹھایا گیا۔ صوبہ اونٹاریو نے امریکی فرموں پر بھی پابندی لگا دی، سٹار لنک سے معاہدہ بھی ختم کر دیا۔ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا کہ جلد ہی یورپی یونین سے امریکا درآمد کی جانے والی مصنوعات پر بھی محصولات عائد کر دئیے جائیں گے ۔ یورپی یونین نے ہم سے بہت فائدہ اٹھایا ۔ وہ ہماری گاڑیاں ، زرعی مصنوعات اور کچھ بھی نہیں خریدتے ، ہم لاکھوں گاڑیاں، اشیائے خور و نوش سمیت تقریبا ً سب کچھ ہی ان سے خریدتے ہیں ۔