بھارت اورنیپال میں شدیدبارش ، لینڈسلائیڈنگ ، 65 ہلاک
کٹھمنڈو ،نئی دہلی،بیجنگ (اے ایف پی) نیپال اور بھارت میں موسلا دھار بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 65افراد ہلاک اور 5 لاپتا ہو گئے ۔ نیپال کے مشرقی ضلع ایلم میں لینڈ سلائیڈنگ سے سب سے زیادہ 37 افراد ہلاک ہوئے۔۔۔
شدید بارشوں کی وجہ سے کئی سڑکیں بند ہو گئی ہیں اور فضائی پروازیں بھی متاثر ہوئیں، جس سے سینکڑوں مسافر پھنس گئے ۔ ملک میں دو روزہ عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔دوسری جانب بھارتی ریاست مغربی بنگال کے ضلع دارجلنگ میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے ۔ سیلابی پانی نے گھروں اور سڑکوں کو تباہ کر دیا، جس سے کئی علاقوں کا رابطہ منقطع ہو گیا۔بھارتی فوجی ہیلی کاپٹرز پھنسے ہوئے شہریوں کو نکال رہے ہیں۔محکمہ موسمیات نے شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے ۔علاوہ ازیں چین کی جنوبی ساحلی پٹی پر سمندری طوفان ماتمو نے تباہی مچا دی ، جس کے باعث تقریباً ساڑھے 3 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ ریاستی میڈیا کے مطابق طوفان نے گوانگڈونگ صوبے میں اتوار کو 2بجے لینڈ فال کیا، جس کے ساتھ 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد کی تیز ہوائیں چلیں۔ ساحلی شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ، سکول اور کاروبار بند کر دئیے گئے ۔ طوفان کے باعث بارش اور شدید ہوائیں آج پیر تک جاری رہنے کی توقع ہے ۔