پاکستان، روس، چین ، شمالی کوریا جوہری تجربات کررہے :ٹرمپ

پاکستان، روس، چین ، شمالی کوریا جوہری تجربات کررہے :ٹرمپ

اب امریکا کیلئے جوہری ہتھیاروں کی تجربات دوبارہ شروع کرنا ضروری ہو گیا :گفتگو دنیا کو 150بار تباہ کرسکتے ،امریکی صدر ،ایٹمی تجربات معطل کرنے کے پابند:چین

واشنگٹن،بیجنگ(اے ایف پی،دنیا مانیٹرنگ) امریکی صدر نے انکشاف کیا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو جوہری ہتھیاروں کے تجربات کر رہے ۔ ٹرمپ نے اتوار کو سی بی ایس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا امریکا کیلئے اپنے جوہری ہتھیاروں کے تجربات دوبارہ شروع کرنا اس لیے ضروری ہے کیونکہ چند ممالک بشمول روس، چین، شمالی کوریا، اور پاکستان جوہری تجربات کر رہے ہیں، یہ مناسب ہے کہ امریکا بھی ایسا کرے ۔ٹرمپ نے کہا روس تجربات کر رہا، چین تجربات کر رہا ہے ، مگر وہ اس کے بارے میں بات نہیں کرتے ۔ ہم ایک کھلا معاشرہ ہیں۔ ہم مختلف ہیں۔ ہم اس کے بارے میں بات کرتے ہیں۔ ہمیں بات کرنی پڑتی ہے ، ورنہ آپ لوگ تو رپورٹ کریں گے ۔ وہاں ایسے رپورٹرز نہیں ہیں جو اس کے بارے میں لکھیں گے ۔ٹرمپ نے کہاوہ زیرِ زمین بہت نیچے تجربہ کرتے ہیں اور لوگوں کو بالکل نہیں پتا چلتا کہ اس تجربے میں کیا ہو رہا ہے ۔ آپ کو تھوڑی سی لرزش محسوس ہوتی ہے ۔ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکا کے پاس کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ جوہری ہتھیار ہیں۔ ہم دنیا کو 150 مرتبہ تباہ کر سکتے ہیں۔جب امریکی صدر سے پوچھا گیا کہ انہوں نے جوہری ہتھیاروں کے تجربے کا فیصلہ کیوں کیا، جواب میں ٹرمپ نے کہا روس نے اعلان کیا کہ وہ تجربہ کرنے جا رہا ہے ۔ شمالی کوریا لگاتار تجربہ کر رہا ہے ۔

دوسرے ممالک تجربہ کر رہے ہیں۔ ہم واحد ملک ہیں جو تجربہ نہیں کرتا۔ اور میں واحد ملک نہیں بننا چاہتا جو تجربہ نہ کرے ۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ حال ہی میں روس نے ایک طرح سے دھمکی دی جب انہوں نے کہا کہ وہ الگ طرح کے تجربے کرنے جا رہے ہیں۔جب اُن سے دوبارہ پوچھا گیا کہ کیا امریکا واقعی جوہری تجربے کرے گا ؟ تو اُن کا کہنا تھا کہ آپ نے جوہری ہتھیار بنائے ہیں اور اُن کا تجربہ نہیں کرتے ۔ آپ کو کیسے معلوم ہو گا کہ وہ کام کریں گے ؟ ہمیں یہ تجربے کرنا ہوں گے ۔علاوہ ازیں ٹرمپ نے وینزویلا کے ساتھ جنگ کے امکان کو مسترد کر دیا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ وینزویلا کے صدر کے طور پر نکولس مادورو کے دن گنے جا چکے ۔واضح رہے امریکی حکام وینز ویلا کے صدر نکولس مادورو پر منشیات کی سمگلنگ کے الزامات عائد کرتے ہیں جبکہ نکولس مادورو امریکا پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ ان کے ملک کے تیل پر قبضہ کرنے کے لیے وہاں حکومت کی تبدیلی کے بہانے ڈھونڈ رہا ہے ۔ دوسری جانب چین نے ٹرمپ کے الزام کی تردید کی ہے ۔چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ نِنگ نے کہاچین ہمیشہ پُرامن ترقی کے راستے پر گامزن رہا ہے ، جوہری ہتھیاروں کے پہلے استعمال نہ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ، دفاعی نوعیت کی جوہری حکمتِ عملی اپناتا ہے ، اور جوہری تجربات کو معطل کرنے کے اپنے عہد کی پابندی کرتا ہے ۔پاکستان سمیت دیگر ممالک نے تاحال ٹرمپ کے اِن دعوؤں پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے ۔

تاہم پیر کو صحافیوں سے گفتگو کے دوران آئی ایس پی آر کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف سے اس حوالے سے ایک سوال کیا گیا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان جوہری ٹیسٹنگ کر رہا ہے اور ابھی ہائپر سونک میزائل کے تجربے کی خبریں بھی آئیں ، تو کیا پاکستان یہ ٹیسٹ کر رہا ہے ؟،ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس کی تردید یا تصدیق کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا پاکستان اپنے دفاع اور سکیورٹی کے لیے ویپن سسٹم کے ٹرائلز اور ٹیسٹس کرتا رہا ہے اور کرتا رہے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں