بھارتی حکومت ’’کاکروچ‘‘سے خوفزدہ،ویب سائٹ بند

بھارتی حکومت ’’کاکروچ‘‘سے خوفزدہ،ویب سائٹ بند

کئی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز ہیک کر لئے یابند کر دئیے ،حکومت کا رویہ آمرانہ ہے تحریک رکی نہیں ،آوازاٹھاتے رہیں گے ،نیا پلیٹ فارم بنار ہے :ابھیجیت دیپکے

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)انڈیا میں راتوں رات سوشل میڈیا پر طوفانی مقبولیت حاصل کرنے والی کاکروچ جنتا پارٹی جو مقابلے کے امتحانات اور بے روزگاری پر غصے سے  پیدا ہوئی تھی نے ہفتے کے روز دعویٰ کیا کہ ایکس اکاؤنٹ کے بعد اس کی ویب سائٹ اور کئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کر دئیے گئے ہیں۔ کاکروچ پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیر قیادت مرکزی حکومت پرآمرانہ رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔انہوں نے نئے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ ان کی ویب سائٹ cockroachjantaparty.org بند کر دی گئی ہے ،جبکہ تحریک سے منسلک کئی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز یا تو ہیک کر لئے گئے ، بند کر دئیے گئے یا ان تک رسائی محدود کر دی گئی ہے اور یہ اقدام ان کے بقول اس تحریک کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے خلاف وسیع کریک ڈاؤن کا حصہ ہے ۔10 لاکھ کاکروچز نے ہماری ویب سائٹ پر رجسٹریشن کیا تھا جبکہ 6 لاکھ کاکروچز نے دھرمندر پردھان کے استعفے کے مطالبے پر دستخط کئے تھے۔

ابھیجیت دیپکے کاکہناتھاکہ حکومت کاکروچز سے اتنی خوفزدہ کیوں ہے ؟ ،یہ آمرانہ رویہ انڈیا کے نوجوانوں کی آنکھیں کھول رہا ہے ، ہمارا واحد جرم یہ ہے کہ ہم اپنے بہتر مستقبل کا مطالبہ کر رہے تھے ۔یہ پوسٹ تیزی سے سوشل میڈیا پر پھیل گئی اور کاکروچ پارٹی کی غیر معمولی مقبولیت کو مزید بڑھا دیا، جو انٹرنیٹ مزاح، سیاسی طنز اور طلبہ کی مایوسی کا امتزاج بن کر سامنے آئی ہے ۔دیپکے کاکہناتھاکہ یہ تحریک رکی نہیں ہے آپ اکاؤنٹس ہیک یا بند کر سکتے ہیں، مگر اس تحریک کو نہیں روک سکتے ، ہم آمرانہ نظام کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے ،ہر حملہ کاکروچز کو مزید مضبوط بناتا ہے ۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ جلد دوبارہ آن لائن واپسی کریں گے ،دیپکے نے مزید کہا ہم ایک نیا پلیٹ فارم بنا رہے ہیں، کاکروچ کبھی مرتے نہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں