فلوٹیلا کارکنوں کی واپسی: سپین میں ائیرپورٹ پر جھڑپیں ، فرانس کی اسرائیلی وزیر کے داخلے پر پابندی

  فلوٹیلا کارکنوں کی واپسی: سپین میں ائیرپورٹ پر جھڑپیں ، فرانس کی اسرائیلی وزیر کے داخلے پر پابندی

استقبال کیلئے بڑی تعداد میں شہری موجود تھے ، ایک شخص کو روکنے پر تلخ کلامی تصادم میں بدل گئی،4گرفتار غزہ پولیس مرکز پر اسرائیلی بمباری ، 5اہلکار اور ایک بچہ شہید،کئی زخمی ،لبنان میں 10افراد مارے گئے

غزہ ،میڈرڈ(اے ایف پی)سپین کے شمالی شہر بیلباؤ کے ایئرپورٹ پر غزہ فلوٹیلا کے کارکنوں کی واپسی کے موقع پر جھڑپوں کے بعد 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ترکیہ سے آنے والے 6کارکنوں کے استقبال کیلئے حامی بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایک شخص کو روکنے پر تلخ کلامی ہوئی جو بعد میں تصادم میں بدل گئی۔ فرانس نے غزہ جانے والے امدادی قافلے کے کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک پر اسرائیلی وزیر قومی سلامتی ایتمار بن گویر کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔

فرانس اور اٹلی نے یورپی یونین سے بھی اسرائیلی وزیر پر پابندیاں لگانے کا مطالبہ کیا ہے ۔شمالی غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں 5پولیس اہلکار اور ایک بچہ شہید ہوگئے ، شہری دفاع کے مطابق حملہ التوام کے علاقے میں پولیس کے ایک مرکز پر کیا گیا جس میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ۔ الشفاہسپتال نے 6 لاشیں وصول کرنے کی تصدیق کی ہے ۔دوسری جانب گزشتہ روز لبنان میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں10افراد مارے گئے جبکہ متعدد شہری زخمی ہوئے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں