اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

گندم: پیداوار اور ذخائر

پنجاب میں گندم کی سرکاری خریداری کے اہداف کا 85 فیصد مکمل ہو چکا ہے اور حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 35 لاکھ ٹن خریداری کا ہدف جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ اس سال گندم کی نسبتاً بہتر پیداوار سے یہ ہدف حاصل کرنے میں آسانی رہی ہے؛ تاہم اس گندم کو سال بھر کیلئے محفوظ رکھنا اگلا اور اہم ترین مرحلہ ہے۔ ہمارے ملک میں گندم ذخیرہ کرنے کیلئے معیاری انتظامات نہیں۔ زیادہ تر گندم بوریوں میں بھر کر کھلے آسمان تلے ذخیرہ کی جاتی ہے اور سال بھر کے موسمی اثرات اس گندم پر شدید منفی اثرات ڈالتے ہیں۔

اس ضیاع سے بچاؤ کیلئے گندم ذخیرہ کرنے کے معیاری انتظامات کی ضرورت ہے۔ اس سال اگرچہ پیداوار میں معمولی اضافے پر ہمارے ہاں خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے مگر یہ اضافہ اسی قدر ہے کہ موسمی اثرات سے اس سال کم گندم متاثر ہوئی ہے ورنہ ہمارے ہاں معیاری بیج اور فصل کی پیداوار بڑھانے کیلئے کوئی خصوصی اہتمام نہیں کیا گیا۔ ہمارے نزدیک یہ بمپر کراپ بھی دنیا کے اکثر ممالک کی فی ایکڑ پیداوار سے بہت کم ہے۔ اس لیے صرف قدرتی عوامل پر بھروسا کرنے کے بجائے ہمارے زرعی اداروں کو خود بھی تگ و دو کرنی چاہیے تاکہ پیداوار میں اضافہ ہو سکے۔ اگر پیداوار میں اضافہ کرکے طلب اور رسد کے فرق پر قابو پانی کی کوشش نہ کی گئی تو منہ زور مہنگائی اور استحصال سے عوام کو کون بچا سکے گا؟ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement