اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

ذر ا نم ہو تو …

پاکستانی نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نے 19 سال کی عمر میں دنیا کی بلند ترین چوٹی مائونٹ ایورسٹ سر کر کے ایورسٹ سر کرنے والے دنیا کے چوتھے کم ترین عمر کوہ پیما کا اعزاز حاصل کر لیا۔ یہ یقینا ملک و قوم کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ ہے۔ شہروز 8 ہزار 849 میٹر بلند پہاڑ سر کرنے والے پانچویں پاکستانی اور سب سے کم عمر کوہ پیما ہیں جنہوں نے منگل کے روز صبح 5 بجے مائونٹ ایورسٹ پر سبز ہلالی پرچم لہرا کر ایک نیا اعزاز ملک و قوم کے نام کیا۔ وزیر کھیل پنجاب سمیت متعدد حکومتی شخصیات نے اس کارنامے پر نوجوان کوہ پیما کو مبارکباد دی ہے۔

اپنی مدد آپ کے تحت مہنگے ترین شوق کے ہاتھوں مجبور اس نوجوان نے یقینا شاعرِ مشرق کے اس مصرع کی تصدیق کی ہے کہ ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی۔ اگر ایسے باصلاحیت نوجوانوں کو حکومتی و ریاستی سرپرستی میسر آئے تو یقینا وہ دنیا بھر میں سبز ہلالی پرچم لہرانے کے علاوہ ملک کی نیک نامی میں بھی اضافہ کر سکتے ہیں۔ ضرورت ہے کہ ایسے خوابیدہ ٹیلنٹ کو تلاش کر کے اسے چمکانے اور نکھارنے کا بہتر انتظام کیا جائے تاکہ ایک طرف جواں عزم نوجوانوں کو بہتر رہنمائی میسر آ سکے تو دوسری جانب ملک و قوم بھی ان کی خداداد صلاحیتوں سے مستفید ہو سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement