اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

صفائی: عید کے بعد کی صورتحال

حکومتی ہدایات کے باوجود عید کے دنوں میں لوگوں نے کورونا وبا کے حوالے سے ناگزیر ایس او پیز کا اس طرح خیال نہیں رکھا جس طرح جاری حالات و واقعات تقاضا کر رہے تھے کہ ملک میں عالمی وبا کی چوتھی لہر کے خطرات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ یہ بھی مشاہدے میں آیا کہ مقامی حکومتوں کی جانب سے ذبح کیے جانے والے جانوروں کی آلائشوں کے لیے جگہیں مختص کیے جانے کے باوجود لوگوں نے یہ گندگی راستوں میں پھینک دی‘ جس کے باعث نہ صرف راہ گیروں کو آمد ورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا بلکہ ان آلائشوں سے اٹھنے والے تعفن کے باعث اہل علاقہ بھی اذیت میں مبتلا رہے۔

یہ بھی دیکھنے میں آیا کہ کورونا وبا اور کانگو وائرس کے خطرے کے باوجود لوگ گلیوں اور محلوں میں جانور ذبح کرتے رہے اور کچھ نے تو وہاں سے خون کو پانی سے صاف کرنے کی زحمت بھی گوارا نہیں کی۔ اس سارے عمل میں مثبت بات یہ نظر آئی کہ آلائشیں اٹھانے والا سرکاری عملہ مسلسل مصروفِ کار رہا اور تیسرے دن بھی مقامی حکومتوں کی گاڑیاں آبادیوں سے گندگی اٹھانے میں مصروف رہیں۔ کہنا یہ ہے کہ شہروں اور آبادیوں کو صاف رکھنا محض حکومت کی ذمہ داری نہیں‘ شہریوں کو بھی اپنے گھر کی طرح اپنی گلیوں اور اپنے محلوں کو صاف رکھنے کا اہتمام کرنا چاہیے کہ انفرادی کاوشیں ہی اجتماعی کامرانیوں کا پیش خیمہ بنتی ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement